• news

ورلڈ اسلامک اکنامک فورم میں شرکت کیلئے وزیراعظم کل برطانیہ روانہ ہونگے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی

ورلڈ اسلامک اکنامک فورم میں شرکت کیلئے وزیراعظم کل برطانیہ روانہ ہونگے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی

اسلام آباد (قدسیہ اخلاق/ دی نیشن رپورٹ) امریکہ کے دورہ سے واپسی کے دو روز بعد وزیراعظم محمد نواز شریف 9 ویں ورلڈ اسلامک اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے لندن جارہے ہیں۔ یہ اجلاس 29 سے 31 اکتوبر تک ہو رہا ہے۔ اسکی میزبانی ملائیشیا اور برطانیہ ملکر کر رہے ہیں۔ اس میں 120 ممالک سے 17 عالمی رہنما، 5 سنٹرل بنک گورنر، 1500 عالمی ماہرین اقتصادیات، کارپوریٹ منیجرز، سرمایہ کار، علاقائی ماہرین، سکالرز اور ماہرین تعلیم شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم کلیدی مقررین میں شامل ہونگے۔ حکام کے مطابق اپنے خطاب میں وزیراعظم مسلمان ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دینگے۔ سہ روزہ سرکاری دورہ کے دوران وہ مختلف ممالک کے سربراہوں اور بزنس مینوں سے ملاقاتیں کرینگے۔ اسکے علاوہ اگلے ہفتے برطانوی وزیراعظم کی میزبانی میں اہم سہ فریقی سربراہ کانفرنس بھی ہو رہی ہے جس میں افغان صدر حامد کرزئی، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور وزیراعظم نوازشریف بھی شریک ہونگے۔ 2012ءسے لیکر یہ چوتھی سہ فریقی کانفرنس ہوگی جس کا مقصد افغانستان، پاکستان میں تعاون کو مضبوط کرنا اور افغانوں کی زیرسرپرستی افغان ڈیل کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ آخری سہ فریقی کانفرنس فروری میں ہوئی تھی۔ یہ اجلاس 29 اکتوبر کو فورم کی سائیڈلائنز پر ہوگا۔ سہ فریقی مذاکرات میں توقع ہے کہ نوازشریف دونوں حکومتوں کے ساتھ طالبان سے مذاکرات کے پلان کے بارے میں بتائیں گے۔ وہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے اپنی حکومت کی کوششوں کے بارے میں بتائینگے۔ ملا عبدالغنی برادر کی رہائی کے بعد یہ نوازشریف اور کرزئی کی پہلی ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ طالبان سے مذاکرات آئندہ چند روز میں ہونگے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد نے بتایا کہ امریکہ سے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی ملائیشیا کے ہم منصب، اردن کے شاہ عبداللہ، سلطان آف برونائی اور انڈونیشی صدر سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ورلڈ اسلامک فورم ایک غیرمسلم میں ہورہی ہے جس کا مقصد اسلامی اور یورپی ممالک میں تعقات کا فروغ ہے۔ دریں اثناءاین این آئی کے مطابق وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث وفاقی کابینہ کا آج کا ہونیوالا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو دورہ امریکہ پر اعتماد میں لینا تھا۔ کراچی آپریشن، طالبان سے مذاکرات، اقتصادی صورتحال اور تونائی بحران سمیت کئی دیگر امور پر بھی غور کیا جانا تھا۔ وزیراعظم نوازشریف کل برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر جانے سے پہلے گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعظم کی لاہور آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وہ ہوائی اڈے سے سیدھے رائیونڈ گئے۔ ائرپورٹ پر پنجاب کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم آج رائیونڈ میں لیگی رہنماﺅں سے ملاقات کرینگے جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
وزیراعظم/ برطانیہ

ای پیپر-دی نیشن