بھارتی کرکٹ بورڈ نے پونے وارئیرز کو آئی پی ایل سے خارج کر دیا
چنئی ( سپورٹس ڈیسک+بی بی سی رپورٹ) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کی ٹیم ’پونے وارئیرز‘ کی فرنچائز کو منسوخ کر دیا ہے۔یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی ایکزیکیٹیو کمیٹی کی ایک میٹنگ میں لیا گیا۔بینک گارنٹی کے طور اگلے سال کے لئے فرنچائز فیس ادا نہ کرنے کے سبب پونے واریئرز کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔اس فرنچائز کو بینک گارنٹی کے طور پر اگلے سال کے لئے 170.2 کروڑ روپے ادا کرنے تھے۔بہر حال پونے واریئرز فرنچائز کے مالک سہارا گروپ نے رواں سال مئی میں ہی آئی پی ایل سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر کے بی سی سی آئی کو یہ عندیہ دے دیا تھا۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ اس نے گارنٹی کی رقم ادا کرنے کے لئے سہارا گروپ کی کئی بار یاد دہانی کرائی تھی۔پونے واریئرز کو سہارا گروپ نے سینتیس کروڑ امریکی ڈالر میں سنہ دو ہزار دس میں خریدا تھا۔آئی پی ایل میں خریدی گئی یہ سب سے مہنگی فرنچائز تھی۔مبصرین کا کہنا ہے کہ پونے واریئرز کی رکنیت منسوخ ہونے سے بی سی سی آئی کو خاصا مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔آئی پی ایل سے پونے واریئرز کے نکل جانے کے بعد سے ایک بار پھر سےانڈین پریمیئر لیگ میں ٹیموں کی کل تعداد آٹھ رہ جائے گی۔