مصباح نے بطور کپتان بہترین رن اوسط کا اعزاز حاصل کر لیا
دبئی (آئی این پی) ٹک ٹک ٹک کے نام سے مشہور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں بطور پاکستانی کپتان بہترین رن اوسط کا اعزاز حاصل کر لیا۔مصباح الحق نے بطور کپتان 24ٹیسٹ میچز میں 59.39کی اوسط سے 1842رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے سابق کپتان لٹل ماسٹر حنیف محمد کا 58.73کی اوسط سے بہترین اوسط کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ حنیف محمد نے 11ٹیسٹ میچز میں 58.73کی اوسط سے 881رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر یونس خان ہیں جنہوں نے 9ٹیسٹ میچز میں 55.86کی اوسط سے 782رنز بنائے۔ عظیم عمران خان نے سب سے زیادہ ٹیسٹ 48 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کی اور 52.35 کی اوسط سے 2408رنز بنائے۔ سلیم ملک نے 12ٹیسٹ میچز میں 52.35 کی اوسط سے 1047،انضمام الحق نے 31میچز میں 52.11کی اوسط سے 2397، جاوید میانداد نے 34میچز میں 50.09کی اوسط سے 2354،ظہیر عباس نے 14میچز میں 45.47کی اوسط سے 773،محمد یوسف نے 9میچز میں 33.94کی اوسط سے 557اور مشتاق محمد نے 19میچز میں 33.39کی اوسط سے 1035رنز بنائے۔