جدہ سے ملتان کیلئے بھی پی آئی اے کی حج پروازیں شروع ہوگئیں: شیخ فہیم
مکۃ المکرمہ (شعیب الدین سے) پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ سیلز منیجر شیخ فہیم نے پاکستانی میڈیا ٹیم کو ہفتہ کے روز بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدہ سے ملتان کیلئے براہ راست خصوصی حج پروازوں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ائر لائن کا عملہ حجاز مقدس سے حاجیوں کی محفوظ اور بروقت واپسی کیلئے خصوصی انتظامات بھی کررہاہے ۔ پی آئی اے کے ایم ڈی جنید یونس حاجیوں کو فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے سعودی عرب میں پی آئی اے کے دفاتر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا پی آئی اے مکہ آفس کے علاوہ عزیزیہ کے علاقے میں واقع حج مشن میں بھی خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جو 24گھنٹے حجاج کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا 19اکتوبر سے شروع بعد از حج آپریشن کے بعد مکہ آفس کو بہت رش کا سامنا تھا اور ایک اندازے کے مطابق یومیہ اوسطاً 300 افراد پی آئی اے مکہ آفس آرہے تھے تاہم وقت کیساتھ ساتھ اس تعداد میں واضح کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا پی آئی اے آفس سے رابطہ کرنیوالے 80 فیصد حاجی فریضہ حج کی ادائیگی کے فوراً بعد واپسی چاہتے ہیں جبکہ 20 فیصد حجاج کی مکۃ الکرمہ میں مزید قیام کی خواہش کے باعث سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مسائل ہوتے ہیں تاہم ہماری جانب سے صرف بیمار ی یا انتہائی ناگزیر وجوہات کی صورت میں ہی وطن واپسی کے خواہشمند حاجیوں کو بکنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ شیخ فہیم نے بتایا حج مشن میں قائم پی آئی اے آفس کی جانب سے نشستوں کی ایڈجسمنٹ صرف حج مشن کے جاریکردہ سفارشی خط پر کی جاتی ہے جبکہ یہ سہولت کاؤنٹر پر بھی دستیاب ہے۔ پروازوں کی مقررہ وقت پر روانگی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے سکاوٹس عملے کی مدد سے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اس سال مکہ آفس سے ریونیو کا متوقع ہدف4کروڑ ریال سے زائد کا ہے جبکہ مکہ آفس کی سیلز میں اضافے کیلئے ہمارے ٹریول ایجنٹ خصوصی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ٹکٹ پر معلومات کیلئے مکہ، جدہ اور مدینہ کے منیجرز کے نام اور ٹیلیفون نمبرز بھی فراہم کئے گئے ہیں جن پر پاکستانی حجاج کرام کے علاوہ دیگر ائرلائنز سے سعودی عرب آنیوالے حاجی بھی پی آئی اے عملے سے رابطہ کرتے ہیں۔ یاد رہے مکہ میں پی آئی اے کے علاوہ دوسری ائر لائنوں سے پاکستان کا سفر کرنیوالے حجاج بھی موجود ہیں۔