• news

کامسیٹس کے ساہیوال کیمپس میں ہیریٹج سنٹر کے قیام کا فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساہیوال کیمپس میں ’’ہیریٹج سٹڈی سنٹر‘‘کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب اور کامسیٹس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب صوبائی وزیر تعلیم،سپورٹس اور آرکیالوجی رانا مشہود احمد خاں کی موجود گی میں آج پنجاب سپورٹس بورڈ کے صوبائی دفتر میں منعقد ہو ئی۔ایم او یو کے مطابق کامسیٹس انسٹیٹوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ساہیوال کیمپس میں بی ایس (لبرل آرٹس) کا دو سالہ عمومی کورس شروع کیا جارہا ہے جس کی تکمیل پر مزید دو سال کے لئے سٹوڈنٹس کو ہسٹری،آرکیالوجی ،ریجنل جیوگرافی ،آرتھوپالوجی ،ٹورزم اور جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم  سپیشلائزڈ کورسسز کرائے جائیں گے۔صوبائی وزیر آرکیالوجی رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیب وثقافت کا امین ہے جو وادی سندھ کی تہذیب کہلاتی ہے اورہڑپہ اس تہذیب کے سب سے بڑے مرکز کا نام ہے جسے آج سے ساڑھے چار ہزار سال پہلے ’’عروس البلاد‘‘یعنی شہروں کی دلہن کہا جاتا تھا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سابقہ حکومتیں ہڑپہ جیسے انتہائی اہم تہذیبی ورثے کی اس طریقے سے حفاظت نہیں کر سکی ہیں جو ہمارے اس قومی اثاثے کا حق بنتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن