ڈینگی، خسرہ، پولیو مہلک بیماریوں کی روک تھام کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام /پنجاب بھر میں پولیو کے خلاف مہم
لاہور(خصوصی رپورٹر) سیکرٹری صحت حسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈینگی،خسرہ،پولیو اور دیگر مہلک بیماریوں کی روک تھام کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام اور روٹین ایمونائزیشن کی کوریج یقینی بنانے کے لئے نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شرو ع کر دیا گیا۔اگلے ماہ نومیر میں پنجاب بھر میں پولیو کے خلاف مہم چلائے جائے گی۔ اس سال زیادہ بارشوں اور گرم ومرطوب موسم کے باوجود سرکاری محکموں کی طرف سے انسداد ڈینگی کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کی بدولت ڈینگی مرض کا پھیلائومحدود ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کے لئے پانی جمع نہ ہونے دیں اور اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سہیل احمد کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان،کمشنرز اور ڈی سی اوز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات کا ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں اور ا س سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں انسداد ڈینگی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے کیونکہ آنے والے تین ہفتے بہت زیادہ اہم ہیں۔