چین پاکستان کےساتھ طے شدہ تمام منصوبے مکمل کرےگا: سفیر
چین پاکستان کےساتھ طے شدہ تمام منصوبے مکمل کرےگا: سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی دانگ نے کہا ہے پاکستان اور چین کے درمیان توانائی اور انفراسٹرکچر کی تکمیل کے جتنے منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں ان کو مکمل کیا جائے گا۔ چینی سفیر نے نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت میں بتایا چین کی حکمران جماعت کے نائب صدر اسی ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے ۔انکے ہمراہ دوسرے چینی لیڈر بھی ہوں گے جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے پاکستان اور چین کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔ چینی سفیر نے بتایا ہم توقع کر رہے ہیں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا دفاعی وفد بھی جلد عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کریگا۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا وزیراعظم نواز شریف کے دورہ عوامی جمہوریہ چین میں جن منصوبوں پر دستخط کئے گئے تھے ان میں ترجیحی بنیادوں پر کون سے منصوبے مکمل کئے جائیں گے تو چینی سفیر نے بتایا توانائی کے منصوبوں کو اولیت دی جائیگی چونکہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ چینی سفیر نے ایک سوال میں بتایا ہم چاہتے ہیں پاکستان میں ایک اور کنفیوشس سنٹر بنایا جائے‘ اسلام آباد میں چینی کلچرل سنٹر بنانے کا بھی منصوبہ زیر غور ہے۔ چینی سفیر نے بتایا کہ عوامی جمہوریہ چین کا نیا سفارتخانہ بہت جلد مکمل کر لیا جائےگا۔
چینی سفیر