جماعت اسلامی کی طرف سے نیٹو سپلائی بند کرنے کی تجویز کی حمایت
جماعت اسلامی کی طرف سے نیٹو سپلائی بند کرنے کی تجویز کی حمایت
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف قومی قیادت کو اعتماد میں لینے کیلئے نومبر میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، نجکاری کا اب تک ایک ہی مقصد سامنے آیا ہے کہ کرپشن کے نئے دروازے کھولیں جائےں اور اپنے رشتہ داروں اور خاندانوں کو نوازا جائے، نیٹو سپلائی روکنے کا اعلان خیبر پی کے حکومت نہیں مرکزی حکومت کا کام ہے ،حکومت کو اس حوالے سے ڈیڈلائن دینی چاہئے۔ انہوں نے نیٹو سپلائی بند کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کی دم پر پاﺅں رکھنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی روکنے سے امریکہ کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں، پاکستان کی مدد کے بغیر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا خطے سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے تضحیک اور عالمی برادری میں مذاق بننے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا، نواز شریف اپنی بات کیا منواتے، سنا بھی نہیں سکے جبکہ امریکی صدر اور اس کی انتظامیہ نے اپنا ہر وہ مطالبہ منوایا جو بھارتی وزیراعظم نے اوباما کے کان میں پھونکا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ ایک کھوٹے سکے کے دورخ ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے نتائج قوم پہلے بھی بھگت چکی، قومی اداروں کو ا±ونے پونے بیچنے سے لاکھوں کارکن بے روز گار ہو جائیں گے، لوگ بھوک سے تنگ آکر بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں لیکن میڈیا کیلئے اب یہ کوئی خبر نہیں رہی بلکہ اصل خبر یہ ہے کہ لاکھوں اور کروڑوں لوگ ابتر حالات کے باوجود زندہ ہیں اور خود کشیاں نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نجکاری کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی اور لوگوں کو بے روز گارکرنے کی کوئی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ انہوں نے کہا کہ جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ خود اس کے خاتمے کے اسباب پیداکردیتا ہے، موجودہ حکومت نے صرف پانچ ماہ کی مدت میں غیرمقبولیت کے وہ ریکارڈ قائم کئے ہیں جو پہلے کسی کے حصے میں نہیں آئے۔
منور حسن