ترکی کیساتھ دوستانہ تعلقات مفید معاشی رابطوں میں بدل رہے ہیں : شہباز شریف
ترکی کیساتھ دوستانہ تعلقات مفید معاشی رابطوں میں بدل رہے ہیں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حالیہ دورہ ترکی کے دوران جو محبت اور پیار ملا وہ اسے کبھی نہیں بھلا پائیںگے۔ ترکی کی حکمران جماعت کی قیادت اور عوام نے ہمارے وفد کا پرتپاک اور شاندار استقبال کر کے ہمارے دل موہ لئے ہیں۔ بلاشبہ ہمارا دورہ ترکی دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ دونوں ملکوں کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور معاشی تعاون کی نئی راہیں متعین کرنے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پنجاب میں ترکی کی کئی کمپنیاں صوبے کی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقا ت بتدریج مفید معاشی روابط میں تبدیل ہورہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کے ہمراہ وان میں زلزلہ متاثرین میں گھروں کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ترکی سے لندن روانگی سے قبل مختلف ترک کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاک ترک دوستی دنیا میں روشن مثال بن کر ابھری ہے۔ خلوص اور یگانگت کے اس تعلق کو بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں۔ آج میٹروبس کے ذریعے بڑی تعداد میںافراد روزانہ بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اس عظیم الشان منصوبے کو مکمل کرنے میں ترکی کا تعاون بھی شامل رہا ہے۔ ترکی کی کمپنیوں نے متعدد شعبوں میں پاکستان کے عوام کو نئے معیارات سے روشناس کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ترکی کے تعاون سے صفائی کا جدید نظام کامیابی سے جاری ہے اور اب اس کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر پانچ بڑے شہروں میں پھیلایا جا رہا ہے۔ دوطرفہ تعاون کا ےہ سلسلہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ترکی اور اس کی قیادت نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے جو دلچسپی ظاہر کی ہے وہ خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت ترکی کی کمپنیوں سمیت تمام غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر مراعات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہم ترک وزیراعظم کے اس عزم کا دل و جان سے خیر مقدم کرتے ہیں کہ ترکی پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ توانائی، انسداد دہشت گردی، فنی تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔
شہباز شریف