بال ٹمپرنگ پر سزا، پی سی بی آج آئی سی سی کو خط لکھے گا
لاہور (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ بال ٹمپرنگ کے حوالے سے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی اور شاہد آفریدی کی سزاﺅں میں فرق ہونے پر آئی سی سی کو آج سوموار کے روز خط لکھے گا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بال ٹمپرنگ کرکے ایک ہی طرح کی غلطی کی تھی لیکن شاہد آفریدی کو زیادہ سزا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو کم سزا دی گئی ۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کوخط لکھنے کے بارے میں پی سی بی نے فیصلہ کرلیا ہے اور پیر کو آئی سی سی کو خط لکھ دیا جائے گا۔خط میں آئی سی سی سے شاہد آفریدی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی سزاﺅں میں فرق ہونے کے بارے میں جواب مانگا جائے گا ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ پی سی بی کا ساﺅتھ افریقن کرکٹ بورڈسے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ میچ ریفری آئی سی سی کا ہوتا ہے اسلئے اس معاملے کے بارے میں وضاحت آئی سی سی سے مانگی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں شاہد آفریدی او ر شعیب اختر کو بال ٹمپرنگ پر دو میچ کی پابندی کی سزا ملی تھی لیکن جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈوپلیسی پر میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کیا گیا ہے ۔حالانکہ ان پر دویا تین میچوں کی پابندی لگائی جاسکتی تھی لیکن اسکو آئی سی سی کے قوانین کی نرم سے نرم سزا دی گئی۔