عوام نے عمران کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا، یکم نومبر کو مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرینگے: شاہ محمود
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر اختر ملک تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تبدیلی کے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ انتخابات میں تحریک انصاف نے 80 لاکھ ووٹ حاصل کئے، تحفظات کے باوجود انتخابات کے نتائج قبول کئے ہیں۔ دونوں بڑی جماعتوں نے عوام کو مایوس کیا۔ عوام حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ حکومت نے نرخوں میں اضافے کی صورت میں عوام پر بجلی گرا دی۔ یکم نومبر کو بجلی کی قیمتوں کیخلاف لاہور اور ملتان میں احتجاج کرینگے۔ ریلی کی قیادت عمران خان کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کا کہنا ہے مذاکرات اس صورت میں ہونگے جب ڈرون حملے بند کئے جائیں گے۔ ڈرون حملوں سے متعلق جو موقف تحریک انصاف کا تھا وہ آج پورے ملک کا موقف بن گیا ہے۔ بھارت کے ساتھ ہم نے خیرسگالی کی بات کی، آج منموہن سنگھ کے خیالات ہمارے سامنے ہیں۔ بہت جلد خیبر پی کے میں نیا بلدیاتی نظام لائینگے۔ عوام نے عمران خان کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا ہے۔