• news

طالبان سے مذاکرات پر کمشن قائم کرینگے‘ حکومت بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے : ملی یکجہتی کونسل

طالبان سے مذاکرات پر کمشن قائم کرینگے‘ حکومت بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے : ملی یکجہتی کونسل

اسلام آباد (اے این این + ثناءنیوز) علامہ ساجد نقوی کی زیر صدارت ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس گشتہ روز یہاں ہوا جس میں صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کو ملی یکجہتی کونسل کا صدر اور لیاقت بلوچ کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا جبکہ حکومت طالبان مذاکر ات کے حوالے سے کمشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں توہین رسالت ایکٹ بارے جاوید ہاشمی کے بیان پر شرکا نے اظہار تشویش کیا اور تحریک انصاف سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ کونسل کی 17 سفارشات پارلیمنٹ سے منظورکرانے کےلئے وزیر مملکت پیر امین الحسنات کو ٹاسک دے دیا گیا، مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق کو کونسل میں لانے کےلئے کوششیں تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اسلام آباد میں جلد عالمی اتحاد امت کانفرنس منعقد کی جائے گی ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کےلئے حکومت پر دباو¿ ڈالا جائے گا۔ اجلاس میں اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، ڈاکٹر محمد کمال، مولانا عبدالغفور حیدری، پیر سید محفوظ مشہدی، حافظ عاکف سعید، حافظ حسین احمد، علامہ امین شہیدی، مولانا عبدالمالک، علامہ عارف واحدی، عبدالرشید ترابی، مولانا عبدالغفار روپڑی اور دیگر علما و مشائخ نے شرکت کی۔ کونسل کے نومنتخب صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ مسالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ شام اور مصر کی صورتحال سے یہ بات مزید واضح ہو جاتی ہے کہ عالمی طاقتیں اس آگ کو مزید بھڑکانا چاہتی ہیں۔ اندرون ملک بھی مختلف مسالک کے علما کی پے درپے شہادتیں اس سازش کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلا مہینہ محرم الحرام کا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام پورے ملک میں اتحاد اُمت کے لئے پروگرام کریں گے۔ کونسل کے ذمہ داران ملک کے تمام اہم شہروں کا دورہ کر کے یکجہتی کو فروغ دیں گے۔ اجلاس میں شامل تمام ارکان نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کا عہد کیا۔ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ اتحاد امت کے لئے سعودی عرب اور ایران کی حکومتوں سے رابطے کئے جائیں گے، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاے گا۔ حکومت کنٹرل لائن سمیت سرحدات پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے پوری قوم ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مصالحتی کمشن بھی بنایا ہے جو مختلف مسالک کے جھگڑوں کو ختم کرے گا، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل در آمد کمیشن کو بھی مزید فعال کر رہے ہیں تاکہ حکومت پر دباﺅ ڈالا جا سکے علمی اور تحقیقاتی کمیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔ یکجہتی کونسل کی 17 نکاتی سفارشات پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کے بعد ان کو منظور کر لیا جائے۔ طالبان سے مذاکرات کے معاہملے پر بھی کمشن تشکیل دے رہے ہیں جو تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد متفقہ م¶قف سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عبوری سیٹ اپ اس لئے تشکیل دیا کہ بعض جماعتوں کی اپنی شوریٰ کے اندر مشاورت ہونا باقی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ دینی جماعتوں کو ملی یکجہتی کونسل میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ متحدہ مجلس عمل انتخابی اتحاد تھا۔ ملی یکجہتی کونسل انتخابی اتحاد نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن