ترقی کیلئے مراعات یافتہ طبقوں کو قربانی دینا ہو گی : شہباز شریف جرمنی پہنچ گئے
ترقی کیلئے مراعات یافتہ طبقوں کو قربانی دینا ہو گی : شہباز شریف جرمنی پہنچ گئے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جرمنی نے انتہائی قلیل مدت میں تیز رفتاری کے ساتھ نمایاں ترقی کی ہے اور اس کی تیز رفتار ترقی اقوام عالم میں ایک مثال بن چکی ہے۔ پاکستان جرمنی کی حیرت انگیز ترقی، تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ میرے دورہ جرمنی کا اولین مقصد بھی پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان اور جرمنی کے مابین مضبوط معاشی تعلقات قائم ہوئے ہیں جو آنے والے وقتوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔ وہ گذشتہ روز جرمنی کے تین روزہ دورے پر برلن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف جرمنی کے 3 روزہ دورے پر برلن ائیرپورٹ پہنچے تو پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور فضا پاکستان زندہ باد، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ وزیر اعلیٰ کا استقبال کرنے والوں میں کوآرڈی نیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل اور جرمنی میں پاکستان کے سفیر عبدالباسط بھی شامل تھے۔ شہباز شریف نے ائیرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمن قوم نے ترقی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا ایک یادگار باب ہے۔ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام مراعات یافتہ طبقوں کو قربانی دینا ہو گی۔ پاکستان کو بچانا ہے تو سیاستدانوں، بیوروکریسی، جاگیرداروں، زمینداروں اور دیگر مراعات یافتہ طبقات کو اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لانا ہو گی اور ہم سب کو مل کر عام آدمی کی حالت بدلنے اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا ہے۔ پاکستان کے عوام انتہائی محنتی، جفاکش اور صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ عوام نے گذشتہ 66 برسوں کے دوران قربانیاں دی ہیں، اب اشرافیہ کو ابتدا کرنا ہو گی تاکہ ملک کو حقیقی معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ دہشت گردی کے چیلنج کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی پالیسی اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس تشکیل دی جا رہی ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انسداد ڈینگی کے لئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جائیں۔ ڈینگی کو پہلے بھی شکست دی اور اب بھی شکست دیں گے۔ ایک ایک جان عزیز ہے، ڈینگی کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ محکمے اور منتخب نمائندے قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انسداد ڈینگی کے لئے اپنے شب و روز ایک کر دیں اور ہسپتالوں میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات سے عوام کی آگاہی موثر مہم چلائی جائے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی وزرا، منتخب نمائندوں، چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں، طبی ماہرین اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپل صاحبان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ڈینگی کے مرض کے تدارک کیلئے منتخب نمائندوں کے ساتھ انتظامی مشینری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی ذمہ داری سے ادا کریں۔ انسداد ڈینگی کیلئے تمام محکموں اور منتخب نمائندوں کو چوکس رہنا ہو گا اور عوام کے تعاون سے اس موذی مرض کی روک تھام کے حوالے سے اپنا م¶ثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ پنجاب حکومت نے گذشتہ برس مربوط مہم چلا کر ڈینگی کے مرض کو بڑھنے سے روکا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ رواں برس بھی 2012ءکی طرز پر م¶ثر حکمت عملی اپناتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی روزانہ صبح آٹھ بجے صوبے میں ڈینگی کے مرض کی صورتحال کا جائزہ لے اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے اجلاس منعقد کرے۔ لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صوبائی سطح کے ساتھ مقامی سطح پر بھی انسداد ڈینگی کیلئے اجلاس منعقد کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے منتخب نمائندے اور متعلقہ محکموں کے افسران اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے والے منتخب نمائندوں سے باز پرس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دورے کے باوجود وہ ڈینگی کی صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور غیر ملکی دورے کے دوران بھی خود ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ اور ضروری ہدایات جاری کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے باعث خاتون کے جاںبحق ہونے پر انہیں دلی افسوس اور رنج ہوا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو بھی وضع کردہ پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے اپنے اپنے دائرہ کار میں انسداد ڈینگی کیلئے اقدامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں اجلاس کے دوران صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔