طالبان سے مذاکرات یا جنگ پر حکومت گومگو کا شکار ہے: خورشید شاہ
طالبان سے مذاکرات یا جنگ پر حکومت گومگو کا شکار ہے: خورشید شاہ
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات یا جنگ کے حوالے سے حکومت گومگو کی کیفیت کا شکار ہے۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے جس جذبہ اور عزم کی ضرورت ہے موجودہ حکومت اس سے محروم ہے۔ پیپلز پارٹی سٹیل ملز سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کی ہر فورم پر مخالفت کریگی۔ اس معاملہ پر ہم عدالتوں میں جانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں واقع اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے انکے خط کے جواب میں تحفظ پاکستان آرڈیننس کے حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت مانگی ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ میں اوباما انتظامیہ کے سامنے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی ملک کیلئے ایک ناسور بن چکی ہے پاکستانی قوم سمیت علما کرام نے بھی ان کیخلاف فتویٰ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی جبکہ جس جذبہ کے ساتھ ملکی ناسوروں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنا ہو گا لیکن حکومت کی 140 روزہ کارکردگی سے محسوس ہو رہا ہے حکومت کے پاس دہشت گردوں سے نمٹنے کےلئے کوئی جذبہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی اداروں کی نجکاری کی جس کا نتیجہ قوم کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پی پی پی نے اقتدار چھوڑا اس وقت ملک کے 85 اداروں کے 190 ارب روپے کے شیئرز تھے اب موجودہ حکومت 35 اداروں کی نجکاری کر کے بھی 190 ارب روپے کے شیئرز نہیں پیدا کر سکتی۔