چیئرمین کرکٹ بورڈ کا انتخاب کس نے کرانا ہے، آج فیصلہ سنا دیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار+نیوز ایجنسیاں+ سپورٹس رپورٹر) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کرانے سے معذرت کر لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کا کو آگاہ کیا کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن چیئرمین پی سی بی کا انتخاب نہیں کرا سکتا۔ اس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن آئینی ادارہ ہے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کر رہا، چیئرمین کرکٹ بورڈ کا انتخاب کس نے کرانا ہے، آج منگل کو فیصلہ سنا دیں گے۔ فاضل جسٹس نے کہا کہ پہلے آپ نے وقت مانگا، اب کہتے ہیں الیکشن نہیں کرا سکتے۔ عدالت نے اس موقع پر انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ اس کا الیکٹورل کالج بھی بڑا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جیسے بھی کرانے ہیں آپ الیکشن کرائیں۔ اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن کو ملک بھر میں بلدیاتی انتخاب کا بھی حکم مل چکا ہے اور مصروفیت مزید بڑھنے کے باعث چیرمین پی سی بی کے الیکشن کا انعقاد مشکل ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے اس موقع پر یہ تجویز بھی پیش کی کہ جسٹس (ر) اسد منیر کی سربراہی میں پی سی بی کے انتخابات کرا دیں۔ اس پر جسٹس شوکت نے کہا کہ آپ پہلے فنی معاونت کی یقین دہانی کرائیں پھر اس بارے فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے اس پر موقف اختیار کیاکہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پوچھ کر بتائیں گے۔