پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں 5 میچوں کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں نیشنل بنک، سٹیٹ بنک، کے آر ایل، ایس این جی پی ایل، زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیموں نے حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں نیشنل بنک اور پی آئی اے کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں نیشنل بنک نے پی آئی اے کو 46 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں نیشنل بنک نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر سمیع اسلم اور اکبر الرحمان کی شاندار سنچریوں کی بدولت 321 رنز بنائے۔ سمیع اسلم نے 126، اکبر الرحمان نے 127 اور فواد عالم نے 40 رنز بنائے۔ جواب میں پی آئی اے ٹیم 7 وکٹوں پر 275 رنز بنا سکی جس میں شعیب ملک نے 110 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ دوسرا میچ ڈائمنڈ کلب اسلام آباد میں سٹیٹ بنک اور ایچ بی ایل کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں سٹیٹ بنک نے پہلے کھیلتے ہوئے تمام وکٹوں پر 231 رنز بنائے۔ جس میں رضوان حیدر نے 37، جالت خان نے 38 رنز بنائے۔ حبیب بنک کی ٹیم 181 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ سٹیٹ بنک نے 50 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرا میچ کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا جس میں کے آر ایل ٹیم نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں پی ٹی وی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 161 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں نعیم انجم نے 45 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں کے آر ایل ٹیم نے ہدف 4 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ زین عباس نے 69 اور شعیب احمد منہاس نے 50 نمایاں رنز بنائے۔ چوتھا میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پورٹ قاسم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئی گیس کی ٹیم نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اس میچ میں پورٹ قاسم نے تمام وکٹوں پر 157 رنز بنائے جواب میں سوئی گیس کی ٹیم نے خرم شہزاد کی ناقابل شکست 87 رنز کی اننگز کی بدولت ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ مرغزار گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے واپڈا کو 136 رنز سے شکست دی۔ اس میچ میں زرعی بنک کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 359 رنز بنائے جس میں شرجیل خان نے 194 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ جواب میں واپڈا کی ٹیم 223 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ واپڈا کے علی عظمت نے 57 اور محمد ایوب نے 32 رنز بنائے۔ زرعی بنک کی جانب سے عثمان نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔