• news

پی سی بی کے زیراہتمام قومی ون ڈے ٹورنامنٹ شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا۔ لاہور میں کھیلے جانے والے دونوں میچوں میں میزبان لاہور کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کراچی ڈولفنز نے لاہور لائینز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی جبکہ ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں سیالکوٹ نے لاہور ایگلز کی ٹیم کو ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور لائینز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 45 اوررز میں 8 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ جس میں ارسلان باجوہ نے 81 اور محمد سعید نے 41 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں کراچی ڈولفنز نے ہدف 41.4 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ فضل سبحان نے 102 کی شاندار اننگز کھیلی۔ گروپ ون ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں سیالکوٹ نے لاہور ایگلز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں لاہور ایگلز نے 193 رنز بنائے، جہانگیر مرزا نے 65 ناٹ آؤٹ، عدنان دانش نے 33 اور احمد ڈار نے 32 رنز بنائے جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم نے ہدف 6 وکٹوں پر 197 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ عدنان ظہیر نے 68 اور نوید سرور نے 42 رنز بنائے۔  

ای پیپر-دی نیشن