الزامات درست ہیں‘ اعظم ہوتی نے سودے بازی کو بے نقاب کر دیا: بیگم نسیم ولی
پشاور (بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان نے پارٹی کے قائد اسفند یار ولی خان کیخلاف سینٹر اعظم ہوتی کے الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیاہے کہ اے این پی اورپختون قوم کے خیرخواہ باچا خان اور ولی خان کی پارٹی کو ان سوداگروںسے نجات دلانے کیلئے متحد ہو کر میدان میں آئیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو نوائے وقت سے بات چیت میں کیا۔ اعظم خان ہوتی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بیگم نسیم ولی خان نے کہا کہ جس پاکستانی نژاد امریکی نے اسفند یار ولی خان کے دورہ امریکہ کا اہتمام کیا تھا وہ بعد میں مجھ سے بھی ملنے آیا تھا اور اس ملاقات میں اس نے مجھے کالا باغ ڈیم پر آمادگی کے عوض ایک ارب روپے دینے کی پیشکش کی لیکن میں نے اسکی یہ پیشکش ٹھکرا دی۔ بیگم نسیم ولی نے اعظم ہوتی کے حالیہ بیانات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی اس دورہ امریکہ کے بارے میں علم تھا اور اعظم ہوتی نے تمام سودے بازیوں کو کھل کر بے نقاب کردیا ہے اور اے این پی کے دیرینہ کارکنوں پر یہ واضح ہوگیا کہ اس پارٹی کی قیادت کرنیوالوںکے اصل چہرے کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پارٹی قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہے کیونکہ جب پارٹی اور قوم کے مفادات پر سودے بازی کرنے لگے تو پارٹی کارکنوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ اس قیادت سے جان چھڑائیں۔ بیگم نسیم ولی نے پارٹی میں جاری انتخابی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ انکے حامیوں کو رکنیت سازی اور پارٹی الیکشن کے عمل میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ اگر پارٹی کی رکنیت سازی اور تنظیموںکے انتخابات کاعمل شفاف طریقہ سے سرانجام دیا جائے تو انکے حامی بھی اس میں بھرپورحصہ لیںگے لیکن ابھی تک حقیقی معنوں میں رکنیت سازی کاعمل شروع ہی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پارٹی کے دیرینہ کارکنوں اور رہنمائوں نے پارٹی کیلئے خدمات سرانجام دینے کی دعوت دی تو وہ اپنی بھرپور کوشش کریںگی۔ سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی کی پریس کانفرنس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے بیگم نسیم ولی خان نے کہا کہ یہ حوصلہ حیدر خان ہوتی ہی میں ہے کہ وہ اپنے باپ کے کہے کی تردیدکریںکیونکہ حیدرخان کے نزدیک سیاست میں رشتے ناطے نہیں ہوتے۔