• news

ڈرون حملے ملکی سلامتی کیخلاف اور پاکستان کی اجازت کے بغیر کئے جا رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اندھیرے پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں ہیں، ہم اپنے دوست ممالک کی مدد سے جلد اندھیروں کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وہ گزشتہ روز جرمنی کے شہر برلن میں انرجی کی بین الاقوامی کمپنیوں کے سربراہوں اور نمائندوں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث صنعت و حرفت اور زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس نقصان کی تلافی کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جرمنی کے حالیہ دورہ سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ایک قدم اور آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بے شمار امکانات موجود ہیں۔ جہاں تک سکیورٹی کا تعلق ہے تو ہم اپنے مہمانوںکو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کریں گے اور انہیں ہرممکن سہولتیں دی جائیں گی۔ ہماری حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد توانائی کے متعدد منصوبوں کو نئی زندگی دی ہے جو سابق حکمرانوں کی ہوس زر اور غلط نوازیوں کی وجہ سے تباہی کا شکار ہوچکے تھے۔ ملاقاتوں کے دوران سالڈویسٹ، بیگاس (گنے کے پھوک) اور دیگر غیر روایتی طریقوں سے توانائی پیدا کرنے کی تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جرمن جرائد کے سینئر نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مغرب دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے بارے میں اپنے خیالات پر نظرثانی کرے، مغرب کے یہ خیالات کوتاہ نظری اور کم علمی کی پیداوار ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے جس میں شہری، فوجی، پولیس جوان اور افسران سب شامل ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ایک بہادر لڑکی ہے جس پر حملے کی ہر پاکستانی نے مذمت کی ہے۔ ملالہ پر حملے سے یہ نتیجہ اخذ کرنا مناسب نہیں کہ پاکستان میں لوگ تعلیم کے خلاف ہیں۔ ایک سوال پر ’’ان حالات میں بیرونی سرمایہ کار پاکستان کیوں جائیں؟‘‘ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں صورتحال ہر قسم کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے۔ دوسری طرف ہم اپنے سکیورٹی اداروں کی استعدادکار بڑھا رہے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نئے مؤثر قوانین مرتب کئے جا رہے ہیں۔ ڈرون حملوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف ہیں۔ یہ حملے پاکستان کی اجازت کے بغیر کئے جا رہے ہیں اور حکومت کے نزدیک یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ پاکستان افغانستان کی صورتحال سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔ اگر افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برلن کے گرد و نواح میں مختلف سولر پارکس اور توانائی پیدا کرنے والے اداروں کا دورہ کیا اور توانائی کے حصول کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لیا۔ دریں اثنا شہباز شریف نے برلن میں جرمنی کی اسٹیٹ منسٹر برائے ڈویلپمنٹ ہیلتھ اینڈ کوآپریشن گڈرن کوپ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمن اسٹیٹ منسٹر نے کہا کہ پاکستان نئی حکومت کی قیادت میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ جرمنی کے عوام اور سیاسی قیادت کو دوست ملک کو ترقی کرتا دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ جرمنی پاکستان کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری قیادت میں جرمنی آنے والا وفد تجارت کا ایجنڈا لے کر آیا ہے اور ہم پاکستان اور جرمنی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ جرمنی کی اسیٹٹ منسٹر کے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین پاکستان کی سیاست سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی جس میں جرمنی میں مقیم پاکستانیوں سمیت شرکاء کی بھاری تعداد موجود تھی۔ کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ برائے انرجی شاہد ریاض گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کے دورے کے دوران جرمن عوام اور سیاسی قیادت کی جانب سے جو غیرمعمولی پذیرائی اور محبت ملی ہے وہ ہمیشہ یاد رہے گی۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کے تدارک کے لئے گزشتہ برس کی طرح موثر حکمت عملی اپنائی جائے جس کی بناء پر ایک بھی قیمتی جان ضائع نہیں ہوئی تھی-ڈینگی کے مریضوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں- انسداد ڈینگی مہم میں غفلت برتنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا - ڈینگی کے حوالے سے ایمرجنسی اجلاس روزانہ صبح آٹھ بجے منعقد کئے جائیں اور مجھے باقاعدگی سے رپورٹ بھجوائی جائے-لاہور کے ساتھ ساتھ راولپنڈی میں بھی ڈینگی کے تدارک کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اورمیں اس ضمن میں کل خود راولپنڈی میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈینگی کی صورتحال اور تدارک کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لوں گا- شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار برلن (جرمنی) سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال اور تدارک کے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایوان وزیر اعلی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے اور متعلقہ حکام دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے خود گلی محلوں میں نکلیں اور انسداد ڈینگی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میںروزانہ کی بنیاد پر مجھے آگاہ کریں- کمشنر و ڈی سی او لاہور بھی ڈینگی سے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کریں ، ڈینگی بریگیڈ کو استعمال میں لائیں اور مجھے کئے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ بھجوائیں- انسداد ڈینگی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جائیں اور ڈینگی کے حوالے سے حقائق پوشیدہ نہ رکھے جائیں بلکہ عوام کو اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر میڈیا کے ذریعے آگاہ کیاجائے- 

ای پیپر-دی نیشن