• news

جسقم کی ہڑتال‘ سندھ 33 دھماکوں سے گونج اٹھا‘ حیدر آباد میں بم حملے‘ ایک شخص جاں بحق

حیدرآباد+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ اے پی اے) لاڑکانہ، نواب شاہ سمیت اندرون سندھ کے کئی شہر 33کریکر دھماکوں سے گونج اٹھے، 10افراد زخمی ہو گئے، حیدر آباد میں دستی بم حملے میں ریٹائرڈ سرکاری ملازم جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومیت پرست جماعت جئے سندھ قومی محاذ نے آج بدھ کو سندھ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے اس سے قبل گذشتہ شام حیدر آباد الائیڈ سینما کے سامنے گڈز کمپنی کے دفتر پر کار سوار نامعلوم افراد نے بم پھینکا جس کے پھٹنے سے ٹرانسپورٹ کمپنی کا ملازم طفیل لودھی جاں بحق ہو گیا، دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا اور اردگرد کی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچ گئی اور جاں بحق طفیل لودھی کی میت کو ہسپتال پہنچایا۔ واقعہ کے بعد دکانیں بند ہو گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر حیدر چوک پر موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جس کے پھٹنے سے لیاقت کالونی کا ہارون نامی راہگیر شدید زخمی ہو گیا، دھماکے سے 3گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور بھگدڑ مچ گئی۔ دریں اثناء قاسم آباد میں علی پیلس کے سامنے موٹر سائیکل سواروں نے پولیس چوکی پر ہینڈ گرنیڈ مارا جس کے پھٹنے سے چوکی اور قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس اہلکار سمیت 3افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اندرون سندھ کریکر دھماکوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو سخت ایکشن لینے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکوں کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمے چلائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق تحفظ پاکستان آرڈیننس اور رینجرز کو پولیس کے اختیارات ملنے کے خلاف تنظیم جئے سندھ متحدہ محاذ نے آج اندرون سندھ ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ لاڑکانہ میں مختلف مقامات پر نامعلوم افراد نے 10کریکر دھماکے کئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ کریکر دھماکوں سے دادو بھی نہ بچ سکا، دادو میں بھی 10دھماکوں میں ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ 4موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔ خیرپور کے علاقے ہنگورجہ میں یوٹیلٹی سٹور کے قریب کریکر پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ میرپور خاص اور جام شورو میں بھی کریکر دھماکے ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کراچی میں سچل کے علاقے خیبر ہوٹل کے قریب کریکر سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہو گئے۔ پوسٹ آفس محراب پور کے قریب کریکر دھماکے سے علاقہ گونج اٹھا۔ کوٹری میں 3گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ لاڑکانہ میں بروہی روڈ، سٹیشن روڈ، باکرانی روڈ، پاکستان چوک، رائل روڈ، لاہوری محلہ، شیخ زاہد موڑ پر کریکر دھماکے ہوئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی بھی آوازیں آتی رہیں، خوف و ہراس پھیلنے کے باعث کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہو گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن