پشاور سے گرفتار دہشت گردوں کی امریکہ‘ بھارت اور افغانستان کی ایجنسیاں معاونت کرتی رہیں: ایس ایس پی آپریشنز
پشاور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور پولیس کی جانب سے مضافاتی علاقہ متنی سرہ درگئی میں کارروائی کے دوران گرفتار کئے گئے چار دہشت گردوں میں قصہ خوانی بازار میں ہونیوالے کار بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔ ملزم نے دھماکہ سے ایک ہفتہ قبل جائزہ لینے کیلئے قصہ خوانی مسجد میں نماز بھی پڑی تھی اور عرصہ دراز سے ہفتہ میں ایک بار پشاور آتا اور ہوٹل میں قیام کرتا تھا جبکہ ملزمان سے برآمد کیا گیا 840 کلوگرام بارودی مواد امریکی ساختہ ہے ملزمان کی مالی معاونت امریکہ، بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کی جاتی رہی۔ یہ باتیں ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمن نے گذشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کی رات مضافاتی علاقہ متنی سرہ درگئی میں خالد نامی شخص کے حجرے پر چھاپے کے دوران 4 دہشت گردوں شیر زمان سکنہ میرا خان کالونی پاڑہ چنار، نیازبین سکنہ کرم ایجنسی حال بڈھ بیر، حاجی حبیب سکنہ پاڑہ چنار حال بڈھ بیر اور آصف سکنہ کرم ایجنسی حال بڈھ بیر کو فائرنگ کے تبادلہ کے بعد گرفتار کر کے انکے قبضہ سے 840 کلوگرام بارودی مواد اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا جن میں شیرزمان نامی دہشت گرد جس کا اصل نام موسم خان ولد جبار خان ہے نے 29 نومبر کو قصہ خوانی بازار میں ہونیوالے کار بم دھماکہ کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے۔ قصہ خوانی کار بم دھماکہ کا ٹارگٹ کوئی اعلیٰ شخصیت نہیں بلکہ صرف عوام تھے۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصہ خوانی بازار دھماکہ کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور اسکے دیگر تین ساتھیوں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے شہر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا اور مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے دوران کئی مفروروں سمیت 91 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے کوہاٹ روڈ عطاء گڑھی بہادر قلعے، رچرقلعے اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کا مقصد محرم الحرام سے قبل سکیورٹی انتظامات کو بھی بہتر بنانا ہے۔ این این آئی کے مطابق متنی سے گرفتار 4 دہشت گردوں سے 21 من بارود برآمد کیا گیا ہے۔