تحریک انصاف کے مجوزہ بلدیاتی بل کی مخالفت کریں گے: حاجی عدیل
اسلام آباد (اے پی اے) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مجوزہ بلدیاتی بل کی مخالفت کریں گے‘ تحریک انصاف غیر جماعتی انتخابات کروانا چاہتی ہے جبکہ پنجاب میں غیر جماعتی انتخابات کی مخالفت کرکے قول و فعل میں تضاد سامنے لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کروانا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ پورے ملک میں کمپیوٹرائزڈ نظام رائج نہیں تو صرف خیبر پی کے میں بائیو میٹرک انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں۔ تحریک انصاف دوہرا معیار ختم کرکے غیر جماعتی انتخابات یا جماعتی بلدیاتی انتخابات جلد کروا کر اپنی اہلیت کا ثبوت دے۔