ایل پی جی کمپنیوں نے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی قیمت 7 روپے کلو بڑھا دی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ملک میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے جس سے ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 80 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 320 روپے اضافہ ہو گیا ہے جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں فی ٹن کی قیمت 7000 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ بین الاقوا می مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہے۔ بین الاقوا می مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 61 ڈالر فی ٹن اضافہ کے بعد قیمت 838 ڈالر سے بڑھ کر 899 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ایل پی جی مافیا نے اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ آئندہ دنوں میں گیس کی شارٹیج سے مزید قیمت میں اضافہ ہو گا۔ ہماری وزیراعظم سے اپیل ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ پر ایکشن لیا جائے اور لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔