• news
  • image

چودھری نثار کی منور حسن‘ شیر پاﺅ، پرویز خٹک سے ملاقات، طالبان سے مذاکرات پر تبادلہ خیال

چودھری نثار کی منور حسن‘ شیر پاﺅ، پرویز خٹک سے ملاقات، طالبان سے مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر سیاسی اور مذہبی قیادت کو طالبان سے امن مذاکرات پر اعتماد میں لینے کے لیے وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ملاقاتیں شروع کر دیں، پہلے مرحلہ میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاﺅ اور وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، چند روز میں پیپلز پارٹی، اے این پی اور (ق) لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے سید منور حسن، آفتاب شیرپاﺅ اور پرویز خٹک سے وزیر داخلہ کی ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ نے ان رہنماﺅں کو طالبان سے جلد شروع ہونے والے مذاکرات کے میکنزم سمیت دیگر معاملات پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں رہنماﺅں نے حکومت کی طرف سے طالبان سے سنجیدہ اور با مقصد مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے ان رہنماﺅں کو بعض جید علماءکرام کے ذریعے طالبان سے ہونے والے بالواسطہ رابطوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان رابطوں کے انتہائی مثبت نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔
نثار/ملاقات

epaper

ای پیپر-دی نیشن