• news
  • image

ملک کا سب سے بڑا المیہ کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار ہے: منور حسن

ملک کا سب سے بڑا المیہ کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار ہے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ”انسانیت کی بھلائی کے لئے دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم ختم کرنا ہو گی جو اسلامی ملکوں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔“ ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان وہ میں سب سے زیادہ دولت کی غیر مساوی تقسیم ہے۔ ایک طرف دولت کے انبار ہیں اور دوسری طرف ملک کی نصف آبادی غربت کے اندھیروں میں بھٹک رہی ہے۔ میاں صاحب نہ صرف اس غیر منصفانہ تقسیم کو ختم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں بلکہ اس کی ابتدا اپنی ذات اور اپنے خاندان سے کریں۔ بیرون ملک ان کی جو دولت جمع ہے اور اربوں روپے کے اثاثے موجود ہیں وہی اگر ملک میں لے آئیں تو ملک معاشی لحاظ سے ترقی کر سکتا ہے، ملک کا سب سے بڑا المیہ کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار ہے، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، بددیانت اور کرپٹ حکمرانوں نے اسے لوٹ کر کمزور کر دیا ہے، حکمران ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلز میں ظالمانہ اضافہ کر کے ان کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لینا چاہتے ہیں، اپنی عیاشیوں کے لئے بیرون ملک و اندرون ملک سے قرضوں کے انبا ر حاصل کر چکے ہیں ان کی کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ کھسوٹ نے ملک کو کنگال اور امریکہ و مغربی طاقتوں کا غلام بنا دیاہے، کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کے بجائے انہیں وزارتیں اور اعلیٰ عہدے پیش کئے جاتے ہیں۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ برطانوی وزیراعظم نے اقتصادی فورم میں یہ تسلیم کیا ہے کہ اسلامی بنکاری نظام دوسرے نظاموں سے پچاس فیصد زائد ترقی کرسکتا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے سود ختم کرنے اور اسلامی بنکاری نظام نافذ کرنے کے حق میں فیصلہ دیا تھا لیکن میاں نوازشریف نے ہی اپنے سابقہ دور حکومت میں ایک بینک کے ذریعے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی اور یہ فیصلہ آج تک نافذ نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ہم سودی نظام سے نجات حاصل نہیں کرتے ، معاشی طور پر بدحالی کا شکار ہی رہیں گے اس لیے حکومت غیر سودی بنکاری نظام پر فوری عمل کرے۔
منور حسن

epaper

ای پیپر-دی نیشن