بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ہر چوک میں دھرنا دیں گے: شاہ محمود قریشی
بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ہر چوک میں دھرنا دیں گے: شاہ محمود قریشی
لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے عام انتخابات کے نتائج کو نہ چاہتے ہوئے قبول کیا مگر بلدیاتی انتخاب میں دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ سڑکوں پر نکلیں گے، ہر چوک میں دھرنا دیں گے، پرائیویٹ پرنٹنگ پریس کے بیلٹ پیپرز کو قبول نہیں کریں گے۔ حکمرانوں نے مشرف کے دور کے بلدیاتی سیٹ اپ میں بہتری کی بجائے ریورس کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، منزہ حسن، عندلیب عباس ، نور خان بھابھہ ، شبیرسیال ، عاطف چوہدری ، حفیظ اللہ علی زئی ، ملک شازید نوید احمد ، اشتیاق ملک ، عرفان احمد، شہریاراور لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا بظاہر لگتا ہے کہ سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں، سرکاری پریس کے پاس وقت نہیں وہ نوٹ چھاپ رہا ہے نادرا کو بھی ووٹنگ لسٹوں کی چیکنگ کے لیے وقت درکار ہے۔ حکمران جمہوریت اور سپریم کورٹ کے ساتھ مذاق کررہے ہیں۔ اپنے ہی اراکین اسمبلی کے دباو¿ میں آکر من مرضی کی حلقہ بندیاں کروا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے دھاندلی کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس کی پہلی مثال حلقہ بندی کی غلط تقسیم ہے۔ پاکستانی عوام اور پی ٹی آئی انتخابات میں سنجیدہ ہے مگر (ن) لیگ الیکشن نہیں سلیکشن چاہتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا یکم نومبر کو مہنگائی کے خلاف لاہور اور ملتان میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ خیبر پی کے میں انتخابی عمل میں اس لئے دیر ہوئی کیونکہ ہم وہاں بہترین نظام لارہے ہیں جس کا بنیادی فلسفہ عوام کو خودمختار بنانا ہے، قانون ساز کمیٹی کو مسودہ بھیج دیا ہے جو اسے جلد منظور کرلے گی۔
شاہ محمود