آزاد کشمیر کا 66 واں یوم تاسیس
آزاد کشمیر کا 66 واں یوم تاسیس
سلیم پروانہ .... مظفر آباد
پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم کی تبدیلی کے اثرات مزاج پر بھی مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ 24 اکتوبر کو حکومت آزاد کشمیر کا 66 واں یوم تاسیس اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔ آزاد کشمیر میں یوم تاسیس کے موقع پر پولیس پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے پولیس کے دستوں کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ صدر گرامی نے اپنی تقریر میں آزادی کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے نام پر قائم حکومت کی درندگی کا راستہ روکیں اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائیں۔ یوم تاسیس کی تقریب میں وزیراعظم چودھری عبدالمجید وزراءکی گیلری میں موجود رہے جبکہ وزیراعظم کی دو مرتبہ سٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی مگر وہ اپنی نشست پر براجمان رہے۔ یہ طرز عمل شاید صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے مابین کچھ امور پر اختلاف رائے کی جھلک تھی، تاہم چائے کی میز پر دونوں شخصیات اکٹھی ہو گئیں یہ اس لئے ضروری تھا کہ سیاسی کلچر میں اختلافات کی نوعیت کیسی بھی ہو کھانے پینے پر سب کا یکساں ایجنڈا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا حکومت پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے کی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت اور حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ چودھری عبدالمجید نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے لئے خدمات اور وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے عالمی اداروں میں کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے کشمیر ڈیسک قائم کرنے کی تجویز دی۔ قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ عبوری آئین ایکٹ 1974ءمیں ترامیم ناگزیر ہے آج کے دور کے تقاضوں کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی اور حکومت کو زیادہ بااختیار بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ یوم سیاہ کی تقاریب میں جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی، مسلم لیگ نواز کے جنرل سیکرٹری شاہ غلام قادر، مسلم کانفرنس کے سردار سیاب خالد، دیوان چغتائی، جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے صدر جسٹس عبدالمجید ملک، جے کے پی پی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان، زاہد اکرم خان، حکمران جماعت پی پی پی آزاد کشمیر کے چودھری لطیف اکبر، سردار جاوید اور دیگر رہنماو¿ں نے مسئلہ کشمیر کے حل کو خطہ کے امن کے لئے لازم و ملزوم قرار دیا۔ دریں اثناء متحدہ جہاد کونسل اور شہداءکے ورثاءنے عزم آزادی کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے جہاد کونسل کے چیئرمین پیر صلاح الدین، جنرل سیکرٹری شیخ جمیل الرحمان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ریاست کی تقسیم کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔