’’چکری اور گجرات کے چوہدریوں‘‘ کی لڑائی نے ایوان بالا کا ماحول مکدر بنا دیا
بالآخر ایوان بالا میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ٹھن گئی وقفہ سوالات میں اپوزیشن نے ایک سوال کے جواب کو جواز بنا کر ہنگامہ کھڑا کر دیا اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو زچ کرنے کی کوشش کی لیکن ’’ چکری ‘‘کے راجپوت چوہدری نے’’ گجرات‘‘کے جٹ چوہدری کے سامنے اپنا سر نیچا کرنے سے انکار کر دیا ۔ راجہ ظفر الحق نے معاملہ کو سلجھانے کی کو شش کی لیکن اپوزیشن لیڈر اس بات پر مصر رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ مذکورہ جواب واپس لینے کا اعلان کریں گے۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ ہائوس کے صدر دروازے پر ایک پریس کانفرنس کر ڈالی اور دھمکی دی کہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف تحریک استحقاق لائے گی۔