سپریم کورٹ بار کے انتخابات‘ عاصمہ جہانگیر گروپ کے کامران مرتضیٰ صدر منتخب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار کامران مرتضیٰ1034ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہو گئے۔ پروفیشنل گروپ کے امان اللہ کنرانی 872ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔ نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر پروفیشنل گروپ کے رانا نعیم سرور نے1008 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مد مقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار شاہ عباس 850ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔ سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری کی سیٹ بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار آصف محمود چیمہ نے913ووٹ لے کر جیت لی۔ پروفیشنل گروپ کے امیدوار عظمت اللہ چودھری 584 ووٹ لے کر دوسرے اور اسرار الحق میاں گروپ کے امیدوار میاں محمد اسلم 292ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ بلوچستان سے نائب صدر کی سیٹ عبد اللہ کاکڑ نے 1048ووٹ حاصل کر کے جیت لی۔ جہانزیب خان جدون 767ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ سپریم کورٹ بار کی 4 نشستوں پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں اُن میں نائب صدر (خیبر پی کے) سید سردار حسین، نائب صدر (سندھ) صادق ہدایت اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری راجہ مقسط نواز خان فنانس سیکریٹری راجہ غضنفر علی خان شامل ہیں۔کامیابی کا اعلان ہوتے ہی وکلاء نے نو منتخب صدر کو کندھوں پر اٹھا لیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ وکلاء نے خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی۔ نومنتخب صدر کامران مرتضی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار کو کبھی بنچ کے تابع نہیں ہونے دیں گے تمام اداروں کو اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میری جیت عاصمہ جہانگیر اور وکلاء برادری کی کامیابی ہے۔ بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سیٹوں کیلئے رات گئے تک گنتی کا عمل جاری تھا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بہاولپور میں کامران مرتضیٰ نے 37 جبکہ ان کے مدمقابل صدارتی امیدوار امان اللہ کنرانی نے 26 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے امیدوار آصف چیمہ نے 31 ووٹ اور عظمت نے 13 اور میاں اسلم نے 15 ووٹ حاصل کئے، کل ووٹ 78 تھے اور کاسٹ 63 ہوئے۔(ق) لیگ کے رہنمائوں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہی، اور مونس الہی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر کامران مرتضی اور آصف محمود چیمہ کو جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ مسلم لیگی رہنمائوں نے عاصمہ جہانگیر کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر اور وکیل کامران مرتضی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے سینئر وکلاء کی نمائندہ تنظیم کے انتخابات میں جمعرات کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد کے علاوہ ملتان، بہاولپور، ایبٹ آباد اور سکھر میں ووٹ ڈالے گئے اور وکلاء کی بڑی تعداد نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔