طالبان سے مذاکرات کے دوران ڈرون حملہ ہوا تو نیٹو سپلائی بند کر دینگے‘ مہنگائی کیخلاف آج مظاہرے ہونگے: عمران
لاہور (سپیشل رپورٹر + کامرس رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے تحریک انصاف عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی اور حکمرانوں کی ناکام پالیسوں کے خلاف سٹرکوں پر آنے کیلئے تیار ہے‘ آج (جمعہ) مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہر ے کئے جائیں گے‘ میں ’’کپتان‘‘ ہوں اپنی پارٹی کی ٹیم کو متحد رکھنا جانتا ہوں‘ عدالت اور الیکشن کمشن بلدیاتی انتخابات کیلئے پنجاب حکومت کی دھاندلی کی تیاریوں کا نوٹس لیں‘ تحریک انصاف کسی صورت بلدیاتی انتخابات میں 11 مئی جیسی دھاندلی نہیں ہونے دیگی‘ مسلم لیگ (ن) سے پوچھتا ہوں وہ کب نیوٹرل ایمپائر کے بغیر میچ کھیلنا سیکھے گی؟ امریکہ نے طالبان سے مذاکرات کے عمل کو توڑنے کیلئے ڈرون حملہ کیا تو نٹیو سپلائی کو بند کر دیا جائیگا؟ بلاول بھٹو سے صرف اتنا کہوں گا سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہو گا‘ وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات میں ناکام ہوئی تو خیبر پی کے کی حکو مت خود مذاکرات کریگی‘ جب ڈرون حملے ہو رہے ہوں تو طالبان جنگ بندی کیسے کرینگے؟ وہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کے دفتر میں تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا ملک میں قوم عذاب میں مبتلا ہے جبکہ نوازشریف اور شہباز شریف دونوں غیر ملکی دوروں پر مصروف ہیں اور شہباز شریف صرف 25 منٹ کیلئے ایوان میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا اختیار دیا لیکن اس کے باوجود مذاکرات کا آغاز نہیں کیا جا رہا جس سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پی کے کو ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا پنجاب میں امن و امان کی صوتحال اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ چچہ وطنی میں 25 سے زائد خواتین کو چاقو مار کر زخمی کیا جا چکا ہے مگر پولیس نے ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریاںکر رہی ہے۔ ہم نے 11 مئی کے انتخابات کے نتائج کو ملک اور جمہوریت کے مفاد میں تسلیم کیا مگر ان انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کو تسلیم نہیں کیا اسی وجہ سے ہم نے الیکشن ٹربیونل میں 64 درخواستیں دائر کیں جبکہ ملک بھر سے مختلف سیاسی جماعتوں نے 400 سے زائد درخواستیں الیکشن ٹربیونل میں جمع کرائیں جو عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کا ثبوت ہے لیکن ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی نہیں ہونے دینگے جس میں عوام ووٹ کسی اور کو دیں اور جیت کوئی اور جائے بلکہ ہم چاہتے ہیں بلدیاتی انتخابات مکمل طور پر شفاف ہوں اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں 2 ماہ کی تاخیر بھی ہوتی ہے توا س سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف حکمرانوں کی پالیسوں کے خلاف سٹرکوں پر آنے کی تیاریاں کر رہی ہے‘ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو چکا ہے اور میں بھی اب صحت مند ہو گیا ہوں اور خود اسمبلی میں جائونگا۔ ان کا کہنا تھا ہمیں اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے کسی اور جماعت کے سہارے کی ضرورت ہے اور نہ ہی ہم کسی اور کے سہارے سے اپوزیشن لیڈر بنیں گے۔ مزید برآں کامرس رپورٹر کے مطابق پاکستان فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دفتر میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کے پی کے اسمبلی میں قرارداد منظور کرا رہے ہیں اور امریکہ نے ڈرون حملے بند نہ کئے تو نیٹو سپلائی بند کر دیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا موجودہ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں، یہ صرف قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کر رہے ہیں اسی طرح عوام سے پیسہ وصول کرنا ہے تو پھر وزارت خزانہ کی ضرورت ہی نہیں ملک پر مشکل وقت ہے وزیراعظم اور وزیر خزانہ بیرونی دوروں پر ہیں اور بھیک مانگ رہے ہیں۔ صرف بجلی چوری اور ٹیکس چوری کو روک لیا جائے تو آئی ایم ایف کے کہنے پر مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ان کے پاس کوئی پالیسی ہی موجود نہیں۔ خیبر پی کے سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، پنجاب کے صنعتکار چاہیں تو وہ خیبر پی کے میں آکر اپنا کاروبار کر سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا سندھ کے عوام کو راضی کر کے کالاباغ ڈیم بنایا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا ملک اس وقت دیوالیہ ہونے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے ہمیں ملک کو بچانے کے لیے کرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے موجودہ ٹیکس سسٹم پر شدید تنقید کی جس کی بدولت پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید 20 سے 30 فیصد ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے جو ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں کے ساتھ زیادتی ہے اس لئے حکومت کو چاہئے ٹیکس دینے والوں کو تنگ کرنے کی بجائے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے مزید کہا بجلی کے نرخوں میں اضافہ لوگوں کو سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے پر مجبور کر دے گا۔ اس موقع پر اظہر سعید بٹ چیئرمین پنجاب ریجن ایف پی سی سی آئی نے کہا حکومت کی معاشی پالیسیوں سے بزنس کمیونٹی شدید پریشان ہے۔ حکومت کا رویہ یہی رہا تو تاجر برادری غیر معینہ ہڑتال پر جانے کے لئے مجبور ہو گی۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے تاجروں نے شرکت کی، جس میں حمید اختر چڈھا، میاں محمود، ہارون الرشید، عامر یوسف علی خان، چودھری ارشد حسین، منظور الحق ملک، انجینئر اکبر شیخ، مس عنم آصف وغیرہ شامل تھے۔اے پی اے / آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا طالبان سے مذاکرات کے دوران ڈرون حملہ ہوا تو خیبر پی کے سے نیٹو سپلائی بند کر دی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا سیاسی جماعتوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کے لئے مینڈیٹ دیا تھا مگر ابھی تک اس مسئلہ پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ حکومت نے اس بارے میں جلد کوئی لائحہ عمل تیار نہ کیا تو تحریک انصاف ازخود طالبان سے مذاکرات کرے گی اور ان مذاکرات کے دوران کوئی ڈرون حملہ ہوا تو ہم نیٹو سپلائی بند کر کے دکھائیں گے۔