پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھارت رکاوٹ ہے : ذکاءاشرف
لاہور (حافظ محمد عمران) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین چودھری ذکاءاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھارت نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ پاکستان سپرلیگ اس طرف ایک بہترین قدم تھی مگر بھارتی بورڈ نے اس کے خوف سے مختلف ممالک کے بورڈز پر دبا¶ ڈال کر انہیں پلیئرز ریلیز کرنے سے روکا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام ”گیم بٹ“ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ دنیا کی دوسری بڑی لیگ بن سکتی تھی اسی خوف سے بھارتی بورڈ نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ دنیا کے نامور کھلاڑیوں سے معاہدے ہو چکے تھے، بھارتی فلم سٹارز نے فرنچائز حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی مگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے مختلف ملکوں کے کرکٹ بوڈرز سے کہا کہ اگر آپ نے کھلاڑیوں کو اجازت دی تو آپ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ بھارت سے کرکٹ نہ کھیلنے کا مطلب ہے بھاری نقصان اُٹھانا، اسی لئے کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپرلیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔