نیلم جہلم منصوبہ میں نقصان کے ذمہ داروں کو سزا دلوا کر مثال بنایا جائےگا:قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی نے اعلان کیا ہے کہ نیلم جہلم پروجیکٹ کے حوالے سے اربوں روپے کے نقصان کے ذمہ داروں کو سزا دلوا کر مثال بنا دیا جائیگا بیوروکریسی کو عبرت حاصل ہوگی۔ سیکریٹری وزارت پانی و بجلی سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس میں نیلم جہلم پروجیکٹ کے ابتدائی ٹینڈر، منصوبہ بندی کمشن سے منصوبہ شروع کرنے کی اجازت اور وزارت پانی و بجلی کے لکھے گئے خطوط کے حوالے سے ارکان کے سوالات کا جواب دینے میں ناکام ہوگئے۔ کمیٹی نے سابق حکومت سے نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن لاسز کے دیئے گئے کنٹرکیٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 9 تقسیم کار کمپنیوں سے سالانہ اخراجات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ چیئرمین این ٹی ڈی سی اور منصوبہ بندی کمشن کے نمائندگان منصوبے کی اجازت حاصل کرنے کے سرکاری طریقہ کار اور منصوبہ بندی کمیشن اور این ٹی ڈی سی، وزارت پانی و بجلی لکھے گئے خط کی گمشدگی کا ثبوت بھی فراہم نہ کر سکے جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ قوم کے ایک بھی پیسے کا غبن کرنے والوں کا پیٹ پھاڑ کر وصولیاں بھی کریں گے۔ عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کے ممبران قومی مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کریں گے۔ نیلم جہلم پروجیکٹ میں پیپرا رولز کی کھلی خلاف ورزی کر تے ہوئے پہلے ٹینڈر کیا گیا بعد میں منصوبہ بندی کمشن سے بغیر اجازت حاصل کئے صرف ایک کمپنی کو ٹینڈر جاری کر دیا گیا۔ 11 ارب کا منصوبہ 22 ارب سے 28 ارب تک جانے کی اطلاع ہے۔ کمیٹی کے ارکان کو غلط معلومات فراہم کی گئیں۔ چیئرمین کمیٹی نے سفارش کی کہ غلط معلومات فراہم کرنے اور کمیٹی سے تعاو¿ن نہ کرنے والے سرکاری ملازم کو معطل کرکے کمیٹی کو رپورٹ پیش کی جائے اور ہدایت دی کہ کمیٹی کی سفارشات ،تجاویز اور احکامات اور فیصلوں سے قبل متعلقہ پروجیکٹ کے فنڈز کا اجراءروک دیا جائے۔ چیئرمین کمیٹی نے منصوبہ بندی کمشن، این ٹی ڈی سی اور وزارت پانی و بجلی کے خفیہ خط کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیر پانی و بجلی کی ایرانی حکام سے میٹنگ میںبجلی کی نئی قیمت 11 روپے فی یونٹ دی ہے، دسمبر میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ایران کا دورہ کریں گے۔ وزیر پانی و بجلی کی دبئی میں ایرانی وفد سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ایران نے بجلی کی نئی قیمت دی ہے جو گیارہ روپے فی یونٹ ہے اس حوالے سے مزید بجلی خریدنے کے لئے پاکستان ایران سے بات چیت کر رہا ہے۔