• news

وزارت قانون کے اعتراض پر سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس ملتوی، 3 رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد (آئی این پی) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارت قانون کے اعتراض کے بعد سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس ملتوی کردیا ‘ مجوزہ اجلاس میں 40 ڈی ایم جی افسران کو گریڈ 20 سے 21 میں ترقی دینے کا معاملہ زیر غور آنا تھا ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سینئر افسران کی ترقی کا شفاف طریقہ کار تیار کرنے کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد بورڈ کا دوبارہ اجلاس طلب کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق سیکرٹری قانون بیرسٹر ظفر اللہ خان نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن ملک آصف حیات اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ شاہد رشید سے ملاقاتیں کیں جس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پروموشن بورڈ کا (آج) ہونے والا اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکرٹری قانون نے کہا کہ وزارت قانون کی رائے کی روشنی میں ہی ترقیاں کی جائیں ورنہ معاملہ دوبارہ عدالت میں جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری نرگس سیٹھی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ایف پی ایس سی کے سینئر ممبر واجد رانا اور سینئر آفیسر قاسم نواز کو شامل کیاگیا ہے۔ یہ کمیٹی آئندہ چند روز میں اپنی سفارشات تیارکرکے پیش کرے گی۔ یہ شفارشات پہلے وزارت قانون بھجوائی جائیں گی اور وزارت قانون ان کا جائزہ لیکر وزیراعظم نواز شریف کو سمری بھجوائی جائے گی اور وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد بورڈ کا اجلاس بلانے کافیصلہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن