بھارتی وزیر دفاع کے الزامات بے بنیاد ہیں ‘ پاک فوج نے صبر اور بردباری کا مظاہرہ کیا : سلمان بشیر
اسلام آباد + نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی کے پاک فوج پر الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے پاک فوج پر الزامات بے بنیاد ہیں، پاک فوج نے صبر اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے، بھارت کو پاکستان پر الزامات سے گریز کرنا چاہئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں سلمان بشیر نے کہا کہ پاکستانی فوج بھارت میں ہونے والی دراندازی میں کسی صورت میں ملوث نہیں ہے بلکہ پاکستانی فوج کی جانب سے ساری صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ہمیں الزام تراشیوں سے گریز کرتے ہوئے دوطرفہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھا کر اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ سلمان بشیر نے رواں ماہ پاکستانی مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق بھی کی۔ اے این این کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نئی دہلی میں ہونے والی ایشیا یورپ کانفرنس میں شرکت کے لئے 13 نومبر کو نئی دہلی جائیں گے، جہاں ان کی بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے بھی ملاقات ہو گی۔ ملاقات 14 نومبر کو متوقع ہے جس میں پاکستان بھارت تعلقات اور کنٹرول لائن پر کشیدگی کو کم کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے تصدیق کی ہے کہ کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ سلمان خورشید کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہونگی، جن میں سرتاج عزیز بھی شامل ہونگے۔ یہ میٹنگ اس لئے بھی اہم ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان خیالات کی بھرپور طریقے سے آگاہی لی جا سکتی ہے اور صورتحال کو پرامن رکھنے کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے سے قبل لائن آف کنٹرول پر صورتحال بہتر بنانا لازمی ہے اور یہ اس بات سے مشروط ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی یہ خواہش ہے کہ لائن آف کنٹرول پر موجودہ صورتحال کو پرامن بنانے کیلئے پاکستان نیک نیتی سے کام کرے اور بھارت یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی رابطوں کو م¶ثر کیا جائے۔
اسلام آباد (جاوید صدیق) امور خارجہ اور سلامتی کیلئے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ میں بھارت کا دورہ کرنے نہیں جا رہا بلکہ نئی دہلی میں ایشیا یورپ وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں شرکت کروں گا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھارتی ہم منصب سلمان خورشید سے الگ ملاقات کریں گے تو سرتاج عزیز نے اثبات میں جواب دیا اور کہا کہ ایشیا یورپ وزرائے خارجہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر میری بھارتی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے بتایا کہ ایشیا یورپ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یورپ اور ایشیائی ممالک کے تعلقات خصوصاً معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کا ایجنڈا سرفہرست ہو گا۔ دریں اثناءقابل اعتماد سفارتی ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ سرتاج عزیز بھارتی ہم منصب سے پاکستان بھارت کشیدگی کے خاتمے خاص طورپر لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں کمی اور نیو یارک میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم منموہن سنگھ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جن نکات پر اتفاق ہوا تھا ان کو آگے بڑھانے پر بات چیت کریں گے۔