• news

بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن جماعتی ہونگے‘ جنرل ممبر وارڈ کے لئے اخراجات کی حد 30 ہزار مقرر

اسلام آباد (آئی این پی + اے پی اے) بلوچستان میں 7 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے، تمام سیاسی جماعتیں عام انتخابات 2013 والے انتخابی نشان استعمال کریں گی۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتیں عام انتخابات والے انتخابی نشان استعمال کریں گی۔ بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) شیر، پیپلز پارٹی تیر، تحریک انصاف بلے، مسلم لیگ (ق) سائیکل، ایم کیو ایم پتنگ اور مسلم لیگ فنکشنل پھول کے انتخابی نشانوں سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گی۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے انتخابی نشانات کو ہی بلدیاتی انتخابات میں استعمال کرنے کا فیصلہ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کے فیصلے کے باعث کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان میں انتخابی اخراجات کیلئے 30 ہزار روپے کی حد مقرر کر دی گئی۔ الیکشن کمشن کے مطابق جنرل ممبر وارڈ 30 ہزار روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکتا۔ اخراجات کی حد سے زائد رقم خرچ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی فیس دو ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔ اے پی اے کے مطابق الیکشن کمشن، ڈی آر اوز اور آر اوز کے تمام دفاتر 9 اور 10 محرم کے علاوہ سرکاری تعطیلات پر بھی کھلے رہیں گے۔ 7 دسمبر کو پولنگ ڈے ہو گا جبکہ نتائج 10 دسمبرکو جاری کئے جائیں گے۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جنرل وارڈ کی سطح پر بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ سات ہزار اٹھہتر جنرل وارڈ نشستوں پربراہ راست پولنگ ہو گی۔ الیکشن کمشن کے مطابق ایک یونین کونسل کم از کم سات اور زیادہ سے زیادہ پندرہ وارڈز پر مشتمل ہو گی۔ دیہات میں یونین کونسل اور شہروں میں میونسپل کمیٹی وارڈز پر مشتمل ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن