پاکستان طالبان مذاکرات میں مداخلت نہیں کر رہے‘ امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں: امریکہ
واشنگٹن (اے این این) امریکہ نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں مداخلت نہیں کررہا‘ ہم خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں‘ مذاکراتی عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔معمول کی میڈیا بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پاسکی نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں کوئی مداخلت نہیں کررہا‘ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کا معاملہ الگ ہے اور وہاں مفاہمتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ افغانستان میں طالبان اور افغانوں کے درمیان بات چیت کی ہم حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اور طالبان کے درمیان طالبان کوبھی ہم قریب سے دیکھ رہے ہیں اور ہم بات چیت کے عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ یہ دیکھنا ہو گا کہ مذاکراتی عمل کس طرف جاتا ہے تاہم امریکہ یقین رکھتا ہے کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم اس میں کوئی مداخلت نہیں کررہے۔ ہم پرامن مستحکم اور خوشحال پاکستان کے حامی ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ وہاں دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ اس مقصد کے لئے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا امریکہ اس کی حمایت کرے گا۔ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان نے تصدیق یا تردید سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ ہم کالعدم تحریک طالبان کے امیر کے مارے جانے کی خبریں دیکھی ہیں، لیکن فی الحال اس کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کرسکتے۔