طالبان سے مذاکرات کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
لندن + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈرون حملوں پر امریکا سے سخت احتجاج کیا جائے گا اور طالبان سے مذاکرات کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس میں طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی وفد کی برطانیہ سے وطن روانگی سے پہلے اجلاس ہوا جس میں نوازشریف، شہباز شریف، اسحاق ڈار، سرتاج عزیز، خواجہ آصف شریک تھے، اجلاس میں امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت سے پیدا ہوانے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرون حملوں پر امریکہ سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نواز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم کو ملکی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔