خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس کل طلب نیٹو سپلائی روکنے کی قرارداد منظور کی جائیگی
نوشہرہ (آئی این پی) وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت میں جب بھی بامقصد مذاکرات جب شروع ہونے لگتے ہیں، ڈرون حملے کر کے سبوتاژ کردئیے جاتے ہیں۔ اہم معاملے پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس (کل) پیر کو طلب کرلیا ہے۔ حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لیکر خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی لائن کو بند کرنے کا حتمی اعلان کریگی‘ وفاقی حکومت پر طالبان سے مذاکراتی عمل جاری رکھنے اور ڈرون حملوںپر پابندی لگوانے کیلئے زور ڈالیںگے‘ اسی ایک نکاتی ایجنڈے سے نیٹو سپلائی کو مشروط کریں گے۔ وہ لاہور سے ٹیلیفون پر نوشہرہ کے صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملہ خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور بامقصد مذاکرات کا راستہ روکنے کے مترادف ہے اور خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی کو ڈرون حملوں کے ساتھ مشروط کریں گے۔ تحریک انصاف پنجاب، اور سندھ اسمبلیوں میں بھی نیٹو سپلائی بند کرانے کے قرارداد پیش کریگی۔ بلوچستان اسمبلی میں چونکہ تحریک انصا ف کی نمائندگی نہیں اس لے وہاں پر دیگر جماعتوں کو اعتمادمیں لیکر قرارداد لائی جائیگی۔ پرویز خان خٹک نے کہاکہ قبائل اور پوری قوم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے بہت بڑی قربانی دی ہے۔ خیبر پی کے حکومت کل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلا کر نیٹو سپلائی روکنے کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرائیگی۔