• news

مسلمان اپنے دین پر عمل کی بجائے اغیار کے اعمال میں فلاح ڈھونڈ رہے ہیں: مولانا احمد لاٹ

رائیونڈ (نامہ نگار) تبلیغی جماعت کے بھارت سے آئے ہوئے معروف عالم دین مولانا محمد احمد لاٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذاتِ مبارکہ پر مکمل بھروسہ کرکے ہی اُمت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرسکتی ہے، نبی اکرمؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر مبعوث کیا گیا ہے، انہیں کے اسوۂ حسنہ کو بنیاد بنا کر مسلم اُمہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوگی، تبلیغی اجتماع میں ہفتہ کے روز شرکا کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے انسانوں اور جنات کو اپنی عبادت کیلئے تخلیق کیا ہے اور انسانوں میں سے افضل انسان وہ ہیں جو نبی آخرالزماں حضرت محمد رسول اللہؐ کا کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے او ر اس پر عمل پیرا ہوگئے اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں پر اپنی رحمتوں کا نزول کرتے ہوئے دنیا اور آخرت کی کامیابیاں نصیب کر دیں، پہلی اُمتوں کی تاریخ گواہ ہے کہ جس کسی نے بھی اللہ پر بداعتمادی کی اور وقت کے نبی کی بات کو جھٹلایا اللہ تعالیٰ نے ان قوموں پر عذاب مسلط کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان کہلوانے والوں کی اکثریت پوری دنیا میں ذلت و خواری کی زندگی بسر کر رہی ہے جو دین محمدیؐ سے دوری کا نتیجہ ہے۔ مسلمان اپنے دین پر عمل کرنے کی بجائے اغیار کے اعمال میں اپنی فلاح ڈھونڈ رہے ہیں۔ توحید باری تعالیٰ اور سنت رسول اللہ ؐ پر عمل پیرا ہونے کی بجائے شرک اور بدعات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جسے بدقسمتی کے علاوہ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اجتماع میں مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق اور خیبر پی کے کے دو ایم این ایز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ طالبان امیر حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملہ میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تبلیغی اجتماع میں اس حوالے سے کوئی بیان بھی نہیں ہوا اور خاموشی رہی۔ دیگر علما کرام کے بیانات کا سلسلہ جاری ہے ، آج پہلے مرحلے کی اختتامی اجتماعی دعا تقریباً 10 بجے تبلیغی جماعت کے بھارت سے آئے ہوئے عالمی امیر مولانا زبیر الحسن کروائیں گے۔ اجتماعی دعا میں 10 لاکھ سے زائد افراد کے شریک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ٹریفک پولیس نے شرکا کی واپسی کیلئے پلان ترتیب دیدیا ہے۔ پہلے مرحلے میں جماعتوں کی تشکیل ہوگی اور اجتماعی نکاح بھی پڑھائے جائیں گے، اگلا مرحلہ آئندہ جمعرات سے شروع ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن