خورشید شاہ کا شاہ محمود کو فون، ملکی صورتحال پر غور کیلئے کل مل بیٹھنے کا فیصلہ
لاہور( آئی این پی+ آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور امریکی ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے کل صورتحال پر غور کیلئے مل بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا اور وفاقی وزیر داخلہ سے طالبان سے مذاکرات اور ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کردیا۔ گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈرون حملے سے طالبان سے مذاکرات کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور مذاکرات متاثر ہونے سے ملک میں مزید مسائل پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی کی پہلی بریفنگ کے بعد اب حالات مختلف ہوچکے ہیں، حکومت ڈرون حملوں پر دوٹوک مؤقف اپنائے۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے ڈرون حملوں کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کو متفقہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا اور دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ کل اس سلسلے میں اپوزیشن کا اجلاس بلانے پر بھی بات چیت کی جائیگی اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیرداخلہ کو ڈرون حملوں اور پیدا شدہ صورتحال پر بریفنگ دینی چاہئے۔