ڈرون حملے سے حالات کشیدہ، شمالی وزیرستان کے قبائلیوں نے نقل مکانی شروع کر دی
بنوں (آئی این پی) شمالی وزیرستان میں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے قبائلیوں کی نقل مکانی شروع، گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے قبائلیوں کو میرانشاہ سے نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے گذشتہ روز امریکی ڈرون حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے امیر حکیم اللہ محسود کی موت واقع ہونے کے بعد طالبان کمانڈر مولانا حافظ گل بہادر کی جانب سے لوگوں کو علاقہ خالی کرنے اور پراُمن علاقوں کی طرف نقل مکانی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اس سلسلے میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں کے بیشتر خاندانوں نے نقل مکانی کا سلسلہ شروع کیا ہے، بیشتر خاندان بنوں سمیت ملک کے مختلف اضلاع کی طرف روانہ ہوچکے ہیں نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے افراد نے بنوں پہنچ کر بتایا ہے کہ علاقے میں صورتحال انتہائی خراب ہو رہی ہے ٹرانسپورٹ کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے کئی خاندان سڑکوں پر بے یار ومددگار پڑے ہیں۔