• news

ون ڈے کرکٹ : بھارتی بلے بازوں کی ڈبل سنچری بنانے میں ہیٹ ٹرک‘ میچ میں چھکوں کا عالمی ریکارڈ

 بنگلور (سپورٹس ڈیسک+آئی این پی) بھارتی بلے بازوں نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی‘ بھارتی میدانوں پر تیسرے بھارتی بلے باز کی ڈبل سنچری‘ کسی دوسرے ملک کے بلے باز کو یہ اعزاز حاصل نہیں۔ ہفتہ کو آسٹریلیا کے خلاف 7 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن بنگلور میں کھیلا گیا ۔ آخری میچ میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے ایک روزہ میچوں میں 157 گیندوں پر 209 رنز بنا کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کرلی اس سے پہلے ایک روزہ میچوں میں بننے والی دو ڈبل سنچریاں بھی بھارتی بلے بازوں وریندر سہواگ اور سچن ٹنڈولکر نے بنائی تھیں۔ ایک روزہ میچوں میں بھی ڈبل سنچری عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے 24 فروری 2010ءکو گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ اگلے سال بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے اندور میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں 219 رنز بنا کر توڑ دیا اور وہ ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔ سہواگ کے بعد تقریباً 2 سال بعد ایک اور بھارتی بلے باز روہت شرما نے بھی یہ کارنامہ آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں سرانجام دیا۔ روہت شرما نے 157 گیندوں پر 16 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 209 رنز بنائے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ تینوں بھارتی بلے بازوں نے اپنی ڈبل سنچریاں بھارتی میدانوں پر بنائی ہیں۔گلین میکس ویل 18 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنانے والے آسٹریلوی کرکٹر بن گئے۔ دنیا میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے جے سوریا کے پاس ہے۔ انہوں نے 17 گیندوں پر بنائی تھی۔ میچ میں کل 38 چھکے لگائے گئے جوکہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں 2009ءمیں 31 چھکے لگائے گئے تھے۔ اس میچ میں 59 چوکے لگے جبکہ 2009ءمیں 62 چوکے لگے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے 186-87ءمیں آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی جس کے بعد کینگروز بھارت کیخلاف ناقابل شکست تھے۔

ای پیپر-دی نیشن