• news

سپورٹس بورڈ متوازی تنظیمیں ختم کرنے کے لئے متحرک‘ فیڈریشنز‘ ایسوسی ایشنوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کر دیا

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے احکامات پر متوازی تنظیمیں ختم کرنے کیلئے متحرک ہوگیا اس سلسلے میں ملک میں کھیلوں کی فیڈریشن اور ایسوسی ایشنوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ لوزان میں آئی او سی کے حکام کے ساتھ ملاقات میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نےپاکستان اولمپکس کے ساتھ مل کر سپورٹس فیڈریشنز کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کے ساتھ متوازی فیڈریشنز کے خاتمے پر زور دیا تھا مگر بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے آئی او سی سے الحاق شدہ پی او اے کو اس عمل میں شامل نہیں کیا جس سے ملک میں اس بحران کے حل ہونے کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں۔ پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل امیر حمزہ گیلانی کی جانب سے جاری کردہ خط میں ہر فیڈریشن سے اس کی عالمی، ایشیائی تنظیم سے الحاق کا سرٹیفکیٹ، پاکستان سپورٹس بورڈ اور سرکاری پی او اے سے الحاق کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ فیڈریشن اور ان کی صوبائی ایسوسی ایشنوں کی چاروں سپورٹس بورڈ سے رجسٹریشن، آئین کی کاپی، دوسال کی سرگرمیاں‘ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ آئی او سی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تنازع کو حل کرنے کےلئے حکمت عملی طے کرےگی

ای پیپر-دی نیشن