کراچی: 100 جرائم پیشہ گرفتار، نعمت رندھاوا قتل کیس کے ملزم کا مزید ریمانڈ
کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) کراچی میں ٹارگٹ کلرز و بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں کے نتیجے میں پولیس اور رینجرز نے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت100 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ کراچی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف71چھاپہ مار کارروائیوں اور 4پولیس مقابلوں میں قتل ڈکیتی، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے تحت 104ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کر لئے، گرفتار افراد میں 25 مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں۔ پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں نے دہشت گردی کے مقدمات میں مختلف شیخ عادل ابوذر، شجاعت ہاشمی، فرحت عباس اور کامران عرف بابا سائیں کو مختلف تاریخوں کے لئے ریمانڈ پر بھیج دیا۔اے ٹی سی جج خالدہ یاسین نے نعمت رندھاوا قتل کیس اور پہاڑ گنج میں تین افراد کو قتل کرنے کے مقدمات میں اور اے ٹی سی جج بشیر احمد کھوسو نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے ایک مقدمے میں متحدہ کے کارکن کاظم عباس رضوی کو 18نومبر تک کیلئے جیل بھیج دیا۔ ایک مذہبی تنظیم کے کارکن فرحت عباس کو اے ٹی سی جج بشیر کھوسو نے قاری عنایت اللہ اور مولانا اکبر سعید فاروقی کے قتل کے مقدمات میں چار نومبر تک پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر دونوں مقدمات کے چالان طلب کر لئے۔ اسی عدالت نے متحدہ کے سیکٹر انچارج شجاعت ہاشمی کو انسپکٹر عدنان کو قتل کرنے کے مقدمے میں چار نومبر تک پولیس کی تحویل میں اور انسپکٹر شہباز کو قتل کرنے کے مقدمے میں اسی تاریخ تک عدالتی تحویل میں جیل بھجوا دیا۔ اے ٹی سی جج جاوید عالم نے لیاری گینگ وار کے کامران عرف بابا سائیں کو ایک سی آئی ڈی اہلکار، پولیس مخبرعدنان، متحدہ کے کارکن مدثر سمیت بارہ شہریوں کو قتل کرنے کے مقدمات میں چار نومبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ اسی عدالت نے القائدہ کے مبینہ رہنما شیخ عادل ابوذر کو تفتیش کی غرض سے 15 نومبر تک پولیس کی تحویل میں دیدیا۔ دریں اثنا پولیس نے مسلح مقابلے کے دو مقدمات میں لیاری گینگ وار کے امین بلیدی کے خلاف ضمنی چالان پیش کر دیئے گئے۔