سراغرساں کتے دھماکہ خیز مواد تلاش نہ کر سکے ریلوے کیلئے خریداری کا مرحلہ پھر ناکام
لاہور ( این این آئی) مسافر ٹرینوں اور ریلوے کی تنصیبات میں دھماکہ خیز مواد کی تلاش کیلئے سراغ رساں کتوں کی خریداری کا مرحلہ ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔ ٹیسٹ دینے کیلئے آنے والے 25 میں سے 24کتے فیل قرار دیدئیے گئے جبکہ پاس ہونے والا ایک کتا فارم جمع نہ کرانے کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے مسافر ٹرینوں اور ریلوے کی عمارتوں میں دہشتگردی کے کسی بھی واقعے سے نمٹنے کیلئے سراغ رساں کتوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر طلب کر رکھا تھا اور اس سلسلہ میں ہفتہ کے روز والٹن ریلوے سٹیشن میں 25کتوں کا ٹیسٹ لیا گیا۔ آئی جی ریلو ے سید ابن حسین نے ٹیسٹ کی نگرانی کی۔ آئی جی ریلوے سید ابن حسین نے بتایا کہ اس بار بھی ٹیسٹ میں تمام کتے فیل ہو گئے ہیں۔ ایک کتا پاس ہوا تھا لیکن اسکا بھی امتحانی فارم جمع نہ ہونے کی وجہ سے اسے بھی مسترد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کتے تو خریدنے ہیں لیکن ان میں دھماکہ خیز مواد تلاش کرنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ کتے خریدنے کے لئے ایک بار پھر ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی محکمہ ریلوے نے آٹھ کتے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ٹیسٹ کے دوران کتے دھماکہ خیز مواد تلاش کرنے کی بجائے وہاں سے گزرنے والی بلی کے کے پیچھے بھاگ کھڑے ہوئے تھے۔