لاہور، جھنگ، فیصل آباد: شادی کی تقریبات میں فائرنگ، بچے سمیت 3 افراد جاںبحق
لاہور+فیصل آباد+جھنگ (سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) جنوبی چھائونی کے علاقہ میں شادی کی تقریب کے دوران 22 سالہ نوجوان اپنے دوست کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ پولیس نے فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی چھاؤنی کے گائوں قرباٹھ میں شادی کی تقریب کے دوران نوجوان فائرنگ کر رہے تھے اسی دوران شاہد نامی نوجوان بھی فائرنگ کر رہا تھا فائرنگ کے دوران شاہد کی گن میں گولی پھنس گئی، گولی نکالنے کے دوران اچانک گن چلنے سے گولی قیصر مختار کو جا لگی جس سے وہ موقع پر جاںبحق ہو گیا۔ جھنگ کے موضع خانوانہ میں شادی کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجہ میں اچانک گولی لگنے سے احسن نامی نوجوان ہلاک ہوگیا۔تھانہ صدر جھنگ پولیس نے محمد اکبر کی رپورٹ پر عقیل کے خلاف قتل کے الزام میں زیر دفعہ 302 ت پ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ محمد اکبر نے بتایا کہ گزشتہ روز 8بجے رات موضع خانوالہ میں ایک شادی کی تقریب میں چند نوجوان شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک گولی اس کے بھانجے احسن کو لگ گئی جس کے نتیجہ میں احسن موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ فیصل آباد میں شادی کی تقریب میں فائر لگنے سے کمسن لڑکا زندگی کی بازی ہار گیا۔ امین پور کا رہائشی بارہ سالہ لڑکا علی وقاص محلے میں شادی کی تقریب میں ہونے والی آتش بازی اور فائرنگ دیکھ رہا تھا کہ اسی دوران وہ ایک اندھی گولی کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔ ساندہ کے علاقہ میں شادی کی تقر یب پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائر نگ سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ بھگڈر سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی تاہم فائرنگ کرنیوالے کسی ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ معلوم ہوا ہے کہ طارق بلڈن گ کے قریب رہائش پذیر عامر نامی نوجوان کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی۔ گولیاں لگنے سے ذیشان، فرمان اور زمان شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔