صنعتی تنظیموں کی سردی میں 3 ماہ تک گیس نہ ملنے پر ہڑتال کی دھمکی
لاہور (کامرس رپورٹر) صنعتی تنظیموں نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اگر سردیوں میں پنجاب کی انڈسٹری کو گیس 3 ماہ کیلئے بند کی گئی تو کروڑوں صنعتی ورکرز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑجائیں گے جبکہ رواں مالی سال کیلئے برآمدی ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔ دہشت گردی میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور ملک اقتصادی بحران سے دوچار ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار اپٹما کے سابق چیئرمین گوہر اعجاز، ایوان صنعت وتجارت کے سنیئر نائب صدر شیخ ارشد اور شیخوپورہ چیمبر کامرس کے سابق صدر ملک منظور نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر 3 ماہ کیلئے انڈسٹری کی گیس بند کی گئی تو صنعتکار بنکوں کے قرضے واپس نہیں کرسکیں گے۔ اسکے علاوہ صنعتی کارکن احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی کے بیان پر شیخوپورہ چیمبر کے سابق صدر ملک منظور نے کہا اگر پنجاب کی صنعتوں کی 3 ماہ کیلئے گیس بند کی گئی تو اس کیخلاف شدید رعمل ظاہر کیا جائیگا، غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔