’’چار دناں دا پیار بڑی لمبی جدائی‘‘ لیجنڈ گلوکارہ ریشماں انتقال کر گئیں
لاہور (سٹی رپورٹر) معروف فوک گلوکارہ ریشماں طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کرگئیں۔ وہ کئی برسوں سے گلے کے کینسر میں مبتلا تھیں، تین چار روز قبل ریشماں کو خرابی طبیعت کے بعد نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ گلوکارہ ریشماں کی عمر 66 سال تھی۔ انہوں نے اپنے سوگواروں میں دو بیٹے سانول اور لطیف چھوڑے ہیں۔ ریشماں 1947ء میں بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع رتن گڑھ کے گائوں لوحا میں ایک خانہ بدوش خاندان میں پیدا ہوئیں۔ انکا اصل نام پٹھانی بیگم تھا۔ قیام پاکستان کے فوری بعد صوبہ سندھ میں آباد ہوگئیں، انکی آواز بچپن میں ہی بہت سریلی تھی، کمسنی میں گلوکاری شروع کردی اور اکثر صوفیا کرام کے مزاروں پر گڑوی کے ساتھ گاتی تھیں، یہی انکی پہچان بنی۔ ایک دن حضرت سخی لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر گا رہی تھیں کہ ریڈیو پاکستان کے اس وقت کے پروڈیوسر سلیم گیلانی ان کا گانا سن کر انہیں ریڈیو پر گانے کی دعوت دی۔ ریڈیو پاکستان کے ذریعے جلد ہی انہوں نے ملک بھر میں مقبولیت حاصل کرنا شروع کردی۔ ٹیلیویژن کیلئے بھی اپنے گیت ریکارڈ کرائے۔ ریشماں نے زیادہ تر پنجابی زبان میں گانے گائے۔ انکے مقبول گانوں میں ’’ہائے او ربا نہیں لگدا دل میرا، سن چرخے دی مٹھی مٹھی کوک ماہیا مینوں یاد آوندا، اکھیاں نوں رہن دے اکھیاں دے کول کول، وے میں چوری چوری تیرے نال‘‘ اور اردو کا ’’میری ہم جھولیاں کچھ یہاں کچھ وہاں‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ 1981ء میں بھارتی فلم ہیرو کا مقبول ترین گیت ’’لمبی جدائی‘‘ گایا جو آج بھی دلوں کو چھو لیتا ہے۔ گلوکارہ لتا منگیشکر نے ریشماں کو ’’بلبل صحرا‘‘ کا خطاب دیا تھا جبکہ بھارت کی آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی انکی بہت بڑی پرستار تھیں۔ انہوں نے ریشماں کو بھارت کے دورہ پر بلایا اور مستقل قیام کی پیشکش کی مگر جذبہ حب الوطنی سے سرشار ریشماں نے کہا کہ جس ملک (پاکستان) نے اسے ریشماں بنایا اسے کیسے چھوڑ سکتی ہیں۔ اندرا گاندھی نے ریشماں کے کہنے پر راجستھان میں انکے گائوں پر پکی سڑک بنوا دی۔ ریشماں کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ ریشماں کو گزشتہ روز سوگواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں لاہور امامیہ کالونی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ایم این اے ملک ریاض، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، گلوکار عارف لوہار موجود تھے۔ اس موقع پر اداکارہ شیبا بٹ اور نصیبو لعل بھی موجود تھیں۔ ریشماں کے انتقال پر نامور گلوکارہ عابدہ پروین، عطااللہ عیسی خیلوی، شوکت علی، استاد شفقت امانت علی، سائرہ نسیم، شبنم مجید، حمیرا ارشد اور دیگر نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریشماں کی آواز میں صحرا کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا۔ ادھر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلی شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی گلوکارہ ریشماں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔