حکومت نے طالبان سے کبھی مذاکرات ختم کرنیکی بات نہیں کی: پرویز رشید
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے دہشت گردی کے کئی واقعات اور اس کی ذمہ داری لینے کے باوجود حکومت نے مذاکرات میں سنجیدگی دکھاتے ہوئے کبھی بھی مذاکرات ختم کرنے کی بات نہیں کی۔ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے والوں نے جو کام ڈرون حملے سے لیا ہے وہ ملکی رہنما خود ڈرون بن کر نہ کریں۔ سب کو سوچنا چاہیے کون مذاکرات ناکام بنانا چاہتا ہے۔ تحریک انصاف کی قرارداد کا جائزہ لینے کے بعد حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی قرارداد آنے کے بعد پہلے پڑھیں گے اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔ دہشت گردی کے تمام واقعات کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی مگر پھر بھی ہم نے کبھی مذاکرات نہ کرنے کی بات نہیں کی کیونکہ حکومت مذاکرات کو کامایاب کرنا چاہتی تھی سب کو سوچنا چاہئے کہ کون مذاکرات کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔