ایشین ہاکی چیمپئن ٹرافی : پاکستان نے چین کو 5-1 سے شکست دے دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جاپان میں جاری تیسرے ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز پاکستان ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں چین کی ٹیم کو ایک کے مقابلے پانچ گول سے شکست دی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں دفاعی چیمپئن کو چین کے خلاف 3-1 گول کی برتری حاصل تھی۔پاکستان کی جانب سے کپتان ایم عمران نے دو جبکہ عبدالحسیم خان، دلبر حسین اور ایم رضوان سینئر نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے پہلے میچ میں اومان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ آج آرام کے دن کے بعد پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ کل بروز منگل ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا کوئی میچ بھی آسان نہیں ہے تاہم کھلاڑی پورے جذبے کے ساتھ میدان میں اتر کر کھیل رہے ہیں ۔اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں لیگ ہاکی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے سکواڈ مضبوط ہوا ہے۔